ہند، قطر کو امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کرنا چاہئے :مرمو

   

نئی دہلی: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ قطر کے ساتھ ہندوستان کے رشتے تاریخی نوعیت کے اور بہت پرانے ہیں۔ نیز قطر، ہندوستان کے ساتھ مغربی ایشیاء کے ، تجارتی اور ثقافتی رابطوں کا ایک لازمی حصہ رہا ہے ۔ انھوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے ساتھ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون مسلسل مضبوط ہورہاہے اور اس میں دونوں حکومتوں کے مابین اعلی سطح پر بات چیت شامل ہے۔ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا گزشتہ رات راشٹرپتی بھون میں خیر مقدم کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے زور دیکر کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کثیر رخی سرگرمیاں اور تعاون، گہرے اطمینان اور دیرینہ ساکھ کے عکاس ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندرمودی ، کئی وزرا اہلکار اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ انہوں نے خاص طور پر کہا کہ دونوں ملک، تجارت اور سرمایہ کاری، خوراک کی یقینی فراہمی، صحت، ثقافت اور توانائی کے ِ شعبوں میں، قابل اعتبار شراکت دار ہیں۔ صدر جمہوریہ نے یہ تجویز بھی رکھی کہ ہندوستان اور قطر اختراع، ٹیکنالوجی اور اسٹارٹ اَپس کے شعبوں میں وسیع تر تعاون میں اضافہ کریں۔ انھوں نے کہاکہ گزشتہ سال دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت تقریبا 14ارب ڈالر کی رہی اور ہندوستان میں قطر کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کے ساتھ ہمارے اقتصادی رشتے مضبوط ہوئے ہیں ۔صدرجمہوریہ نے کہاکہ ہمارے دونوں ملکوں کے لوگ صدیوں سے ثقافتی تبادلے اور رسم ورواج کے توسط سے جڑے ہیں ۔ہمارے صدیوں پرانے تعلقات کی جھلک ہمارے لوگوں کے پسندیدہ آرٹ ،موسیقی اور کھانے پینے میں نظر آتی ہے ۔چاہے وہ بریانی ہو یا’’ کڑک چائے ‘‘! انھوں نے کہاکہ قطر سے آئے ہمارے مہمان آج کے عشایئے کے دوران اس بے مثال ثقافتی رشتے کا تجربہ حاصل کرسکیں گے ۔