ہندستان کا انگلینڈ کیلئے ٹارگٹ230، روہت کا اسکور 87

   

لکھنؤ: روہت شرما (87) کی کپتانی کی اننگز اور کے ایل راہول (39) کے ساتھ 91 رن کی مفید شراکت اور سوریہ کمار یادو (49) کی مشکل وقت میں کھیلی گئی اننگز کی مدد سے ہندوستان نے یہاں ہفتہ کو ورلڈ کپ کے میچ میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 229رن بنائے اور انگلینڈ کو جیت کیلئے 230 رن کا ٹارگٹ مقرر کیا ہے۔ جاریہ ورلڈ کپ میں اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہندوستانی بلے بازوں کی کارکردگی اٹل بہاری واجپئی ایکانا اسٹیڈیم کی مشکل سرخ مٹی کی پچ پر توقعات کے مطابق نہیں رہی۔ شبھمن گل (9)، ویراٹ کوہلی (0) اور شریاس ایئر (4) جلد آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے ۔ ورلڈ کپ میں یہ پہلا موقع ہے جب ویراٹ صفر کے اسکور پر آؤٹ ہوئے ہیں۔ گل اور شریاس کو کرس ووکس نے جبکہ ویراٹ کو ڈیوڈ ویلی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔ روہت شرما نے تین وکٹیں جلد گر جانے کے بعد ہندوستانی اننگز کو سنبھالا، جس میں انہیں راہول کا بھرپور ساتھ ملا۔دونوں بیاٹروں نے ٹیم کے اسکور کو 131 رن تک لے جا کر میچ کو متوازن کر دیا تھا لیکن اس دوران راہول ویلی کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں مڈ آن پر کھڑے بریسٹو کے ہاتھوں کیچ ہو گئے ۔ روہت جو کہ اب تک ایک سرے پر صبر کا مظاہرہ کر رہے تھے ، اپنا اعتماد کھو بیٹھے اور اننگز کے 37ویں اوور میں وہ عادل رشید کی گیند کو چھکا لگانے کی کوشش میں ڈیپ مڈ وکٹ پر کھڑے لیونگ اسٹون کے ہاتھوں کیچ ہو گئے ۔ ورلڈ کپ میں اپنی دوسری سنچری سے محروم روہت نے اپنی نصف سنچری اننگز میں دس چوکے اور تین چھکے لگائے ۔ روہت کے آؤٹ ہونے کے بعد کریز پر آئے رویندر جڈیجہ (8) آج ٹیم کیلئے کچھ خاص نہیں کر سکے۔ وہ رشید کی گیند پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے ۔ 7 وکٹ پر 187 رن پر لڑکھڑانے کے بعد ہندوستانی اننگز کی امیدیں سوریہ کمار پر ٹکی تھیں، جنہوں نے 49 رن کی اپنی کارآمد اننگز سے ہدف کو چیلنجنگ بنانے کی پوری کوشش کی۔ ویلی کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش کے دوران وہ ڈیپ پوائنٹ پر کیچ ہو گئے ۔ محمد شامی (1) اور جسپریت بومرا (16) آؤٹ آخر میں ہوئے ۔ مقامی کلدیپ یادو 9 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ورلڈ کپ میں اب تک کھل کر رن دینے والے انگلش گیند بازوں نے آج شاندار واپسی کی۔ ڈیوڈ ویلی نے 45 رن کے عوض تین جبکہ کرس ووکس اور رشید نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ مارک ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر انڈیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ کپتان روہت نے مسکراہٹ کے ساتھ اس دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ان کی ٹیم ٹارگٹ کا تعاقب کرتے ہوئے جیتی ہے اور وہ اس میچ کو ایک چیلنج کے طور پر لیتے ہیں جب گیند باز ہدف کے دفاع کیلئے میدان سنبھالیں گے ۔