سری نگر، 5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شمالی ضلع کپوارہ کے کرالہ گنڈ ہندوارہ میں پیر کی شام جنگجوؤں کے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) پر حملے ، جس میں تین اہلکار ہلاک ہوئے ، کے جائے موقع سے بر آمد ہونے والے 14 سالہ جسمانی طور ناخیز کمسن لڑکے کو اپنے آبائی مقبرے سے بہت دور دوسرے ضلع بارہمولہ میں منگل کی صبح سپرد خاک کیا گیا جس پر اہل خانہ اور دوسرے لوگوں میں غم و غصہ پایا جارہا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ہندوارہ میں پیر کے روز مارے گئے حازم شفیع بٹ کی لاش کو اپنے اہل خانہ کے حوالے کرنے کے بجائے بارہمولہ کے ایک قبرستان میں ایک مجسٹریٹ اور چند افراد خانہ کی موجودگی میں دفنایا گیا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مہلوک لڑکے کے جنازے میں بھاری تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے اور وائرس پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر مقامی انتظامیہ نے یہ فیصلہ لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہلوک ایک عام شہری تھا اور طرفین کے درمیان کراس فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہوا۔
