ہندوتوا کے خلاف 10 تا 12 ستمبر عالمی کانفرنس

,

   

گلوبل ہندوتوا، ہندو مت، اسلاموفوبیا اور دیگر موضوعات پر مباحثے ہوں گے

شکاگو: کٹرپسند ہندو نظریہ اور اس کے ساتھ عالمی سطح پر بڑھتی بین برادری منافرت کے پس منظر اور پیش منظر کے ساتھ اس کے اثرات کا جائزہ لینے کیلئے ’’ڈسمینٹلنگ گلوبل ہندوتوا‘‘ کے زیراہتمام جمعہ 10 ستمبر سے 12 ستمبر تک عالمی کانفرنس منعقد کی جارہی ہے۔ ایسٹرن ٹائم کے مطابق تمام تینوں روز صبح 9:30 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک یکساں اوقات میں 3 سیشنس منعقد ہوں گے۔ کٹرپسندی کے خلاف
bit.ly/bghconference
کے ایونٹ میں 45 سے زائدیونیورسٹیوں کے مختلف شعبوں اور مراکز کی سرپرستی حاصل ہوئی ہے جن میں نارتھ ویسٹرن، ہارورڈ ، یو ٹورنٹو، یوسی برکلے، این وائی یو ، یو ایلینوئی اربانا۔ شامپین شامل ہیں۔ ہندوستان میں عصری ہندو گروپوں کی بڑھتی طاقت اور مذہبی اقلیتوں اور دیگر محروم طبقات کے خلاف بڑھتا تشدد کسی سے ڈھکاچھپا نہیں ہے۔ گلوبل میڈیا نے بھی ان معاملوں میں معقول کوریج پیش کیا ہے۔ 2019ء کے متنازعہ شہریت ترمیمی قانون پر بھی بین الاقوامی توجہ مبذول کرائی گئی ہے۔ سی اے اے ہو یا ماب لنچنگ یا پھر مذہبی منافرت پر مبنی دیگر واقعات ۔ ہر معاملہ میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کی سرپرستی کو نظراندا ز نہیں کیا جاسکتا۔ سہ روزہ کانفرنس میں امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا سے تعلق رکھنے والی ہندو برادری کے موقف کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔ ہندوتوا کی طاقت کے خطرات پر بات ہوگی۔ حالیہ برسوں میں دنیا نے اسلاموفوبیا کے تعلق سے پروپگنڈہ کو بھی دیکھا ہے۔ یہ عناصر اسلام کو غلط انداز میں پیش کرنے کی کوششوں میں لگے ہیں۔ کانفرنس میں کوشش کی جائے گی کہ اسلام کے تعلق سے غلط تشریحات کو دور کیا جائے۔ نیز امن و بھائی چارہ کو فروغ دیا جائے۔