ہندوستان، آسٹریلیا اور سری لنکا مشکل حریف: ڈیوائن

   

نئی دہلی، 24 ستمبر (آئی اے این ایس) نیوزی لینڈ کی خاتون کرکٹ ٹیم کی کپتان صوفی ڈیوائن نے 2025 ویمنز ونڈے ورلڈ کپ جو30 ستمبرکو شروع ہو رہا ہے، اس میں میزبان ہندوستان شریک میزبان سری لنکا اور دفاعی چمپیئن آسٹریلیا کو سخت حریف قراردیا ہے۔نیوزی لینڈ جس نے 2024 ویمنز ٹی20 ورلڈکپ جیتا تھا، اب 50 اوورکا خطاب جیتنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ آئندہ ورلڈکپ کے بعد وہ اس فارمیٹ کو خیرباد کہہ دیں گی۔ صوفی ڈیوائن نے آئی سی سی کے اپنے کالم میں لکھا ہر ٹیم مختلف چیلنج پیش کرے گی، لیکن ہمیں معلوم ہے کہ دفاعی چمپیئن آسٹریلیا کو شکست دینا بہت مشکل ہوگا۔ انہیں سب سے پہلے کھیلنا ہمارے لیے بہترین آغاز ہوگا۔ ہندوستان اپنے گھریلو میدان پر ایک بڑا خطرہ ہے، ان کے پاس زبردست اور مضبوط ٹیم ہے۔ سری لنکا بھی گھر پرکھیلتے وقت ایک مختلف قوت دکھاتا ہے۔ یہ تین ٹیمیں خاص طور پر ہمارے لیے مشکل ثابت ہوں گی۔انہوں نے ٹیم کی تیاریوں کا بھی ذکر کیا، جس میں دس کھلاڑیوں کے ساتھ ہیڈ کوچ بین سوئیر اور اسسٹنٹ کوچ کریگ میکملن نے اگست میں چینئی سوپرکنگز اکیڈمی، چینئی میں دو ہفتوں کا کیمپ کیا۔ صوفی نے کہا ہمارے لیے سب سے اہم بات یہ رہی کہ ہم نے ان حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے پر محنت کی، جن کا سامنا ہندوستان اور سری لنکا میں ہوگا۔ خوش قسمتی سے ہمیں ہندوستان میں کیمپ کرنے کا موقع ملا جہاں ہمارے بیٹرز نے ان وکٹوں اور حالات کا تجربہ کیا۔ یہ ہمارے لیے بہت قیمتی ثابت ہوگا۔ فٹنس پر بھی ہم نے خاص توجہ دی ہے تاکہ وہاں کے موسم اور حالات کو برداشت کر سکیں۔ اگرچہ ہم نیوزی لینڈ کی سردیوں میں سخت محنت کر رہے تھے، لیکن اب ہمیں یقین ہے کہ اپنی تیاری کی بنیاد پر ہم اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم میں نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کا امتزاج نیا رنگ لائے گا۔ یہ کہنا ابھی بھی میرے لیے جذباتی ہے لیکن ٹیم میں نوجوان آرہے ہیں جس سے میں بہت پرجوش ہوں۔ سبھی کھلاڑی سخت محنت کر رہے ہیں۔ نوجوان جیسے ایڈن کارسن اور ایزی گیز نے واقعی اپنا مقام بنایا ہے۔ میں دیکھنے کے لیے بے تاب ہوں کہ وہ اس ٹورنمنٹ میں کیاکردکھاتے ہیں۔