ہندوستان، جنوبی کوریا کے ساتھ تعلقات کی نئی بلندی کا خواہاں

   

نئی دہلی۔ 16 اگست (یو این آئی) وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا کے ساتھ اسٹریٹیجک شراکت داری کی دسویں سالگرہ کے موقع پر ہندوستان دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور انہیں نئی بلندیوں تک لے جانے کا حامی ہے ۔ ڈاکٹر جے شنکر نے ہفتہ کے روز جنوبی کوریا کے وزیرِ خارجہ چو ہیون کے ساتھ ملاقات سے قبل اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ ہندوستان اسٹریٹیجک شراکت داری کے دس برس مکمل ہونے پر باہمی تعلقات کو مزید بلندی پر لے جانے کے حق میں ہے ۔ مجھے امید ہے کہ یہ ملاقات نتیجہ خیز ثابت ہوگی۔ وزیرِ خارجہ چو ہیون کا خیرمقدم کرتے ہوئے اور انہیں جنوبی کوریا کا وزیرِ خارجہ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ اپنے پرانے دوست کو نئے ساتھی کی حیثیت سے خوش آمدید کہنا میرے لیے باعث مسرت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوریا کے قومی دن اور ہندوستان کے یومِ آزادی کے ایک دن بعد ان کا دورئہ ہند دونوں ملکوں کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان چاہتا ہے کہ آج کی نشست میں دونوں ممالک اس بات پر غور کریں کہ ہم اپنے تعلقات کو کس طرح نئی بلندیوں پر لے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دفاع، سلامتی، تجارت، معیشت، رابطہ کاری اور عوامی روابط سمیت کئی امور پر تبادلۂ خیال کا موقع ہے ۔ ڈاکٹر جے شنکر نے امید ظاہر کی کہ یہ ملاقات نتیجہ خیز ثابت ہوگی۔ وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ہندوستان پَہلگام دہشت گردانہ حملے کی مذمت پر کوریا کا شکریہ ادا کرتا ہے ۔