ہندوستان، چین کے جارحانہ رویہ کا شکار ، سیکوریٹی مسائل درپیش

,

   

عصری ہتھیاروں کو فروخت کرنے اور ہندوستان کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے امریکہ پابند عہد

نئی دہلی: ہندوستان کو چین کے جارحانہ رویہ کا سامنا ہے۔ وہ سیکوریٹی چیلنجس سے بھی دوچار ہورہا ہے۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ہندوستان کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے امریکہ پابند عہد ہے۔ امریکہ نے اپنے عصری ہتھیاروں کے نظام کو فروخت کیا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہیکہ امریکہ کے نزدیک ہندوستان کی سلامتی عزیز ہے۔ ایک ایسے وقت جب ہندوستان کو قابل لحاظ سیکوریٹی چیلنجس درپیش ہیں، دونوں ملکوں ہندوستان اور امریکہ کے درمیان دفاعی پارٹنر شپ میں مضبوطی آرہی ہے۔ اس پارٹنر شپ میں ہتھیاروں کی فروخت خاص کر امریکہ کے عصری ہتھیاروں کے نظام کی پیشکش بھی شامل ہیں۔ ہندوستان کے سیکوریٹی اور مقتدراعلیٰ کو محفوظ رکھنے کیلئے ہم نے جو عہد کیا تھا اب ہم اس کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ہم نے دیکھا ہیکہ ہندوستان انڈوپیسیفک خطہ کیلئے ہمارے ویِژن کو شیئر کرنے میں ابھرتی عالمی طاقتوں میں سے ایک ہے۔ پرامن، مستحکم اور خوشحال خطہ بنانے کے مقصد سے ہندوستان اور امریکہ مل کر کام کررہے ہیں۔ ہندوستان اور امریکہ کے دفاعی تعلقات کی وجہ سے ہی انڈو پیسیفک خطہ کو پرامن بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ چین نے اپنے جارحانہ رویہ سے ہندوستان کو شدید متاثر کیا ہے۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ایک عہدیدار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ چین اس وقت اپنے پڑوسیوں کے خلاف ناعاقبت اندیشانہ کارروائیاں کررہا ہے۔

چین خود اپنے ہی شہریوں کے خلاف جن میں ایغور مسلمان شامل ہیں، زیادتیاں کررہا ہے۔ ہندوستان بھی چین کی زیادتیوں کا شکار ہونے والوں میں سے ایک ہے۔ انڈو پیسیفک میں ایک پرامن فضاء کا قائم ہونا کامیابی کی علامت ہے۔ امریکہ نے ہندوستان کے علاوہ دیگر ممالک کے ساتھ فوجی اور دفاعی تعلقات کا آزادانہ مظاہرہ کیا ہے۔ دیگر ممالک کے ساتھ تعاون عمل کو جاری رکھتے ہوئے کئی مسائل کو حل کیا گیا ہے۔ تنازعات یکسوئی، قانون کی حکمرانی اور مسائل سے نمٹنے کیلئے سب کو ایک ساتھ رہنے کی ضرورت ہے۔