مزید چار فلائٹس کی عنقریب روانگی، 60 ہزار سے زائد ہندوستانی واپسی کے منتظر، ٹکٹ کا خرچ مسافرین کے ذمہ
حیدرآباد ۔6۔ مئی(سیاست نیوز) سعودی عرب میں ہندوستانی سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید نے بتایا کہ بیرونی ممالک سے ہندوستانیوں کی واپسی کے سلسلہ میں حکومت ہند نے سعودی عرب سے ایر انڈیا کی پانچ فلائٹس کی پروازوں کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایمبسی نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر اوصاف سعید نے بتایا کہ پہلی فلائٹ 7 مئی کو ریاض سے کوذی کوڈ کیلئے روانہ ہوگی۔ دوسری چار فلائٹس ریاض تا دہلی ، دمام تا کوچی ، جدہ تا کوذی کوڈ اور جدہ تا دہلی سیکٹر میں اڑان بھریں گی۔ مذکورہ چاروں فلائٹس کے اوقات کا جلد اعلان کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ 29 اپریل سے وطن واپسی کے لئے ہندوستانیوں کی جانب سے آن لائین رجسٹریشن کا آغاز کیا گیا تھا ۔ ایمبسی اور کونسلیٹ میں درکار تفصیلات کی بنیاد پر پانچ فلائٹس کے مقامات کا تعین کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پریشان حال ورکرس، ارجنٹ میڈیکل کیس ، حاملہ خواتین ، پھنسے ہوئے عازمین عمرہ اور دیگر ضرورت مندوں کو روانگی کے سلسلہ میں ترجیح دی جارہی ہے ۔ ایمبسی آف کونسلیٹ کی جانب سے انفرادی طور پر راست ربط قائم کرتے ہوئے فون اور ای میل کے ذریعہ ہندوستان واپسی کے وقت کی منظوری حاصل کی جارہی ہے۔ ایسے افراد جنہوں نے آن لائین رجسٹریشن کروایا ہے ، انہیں مشورہ دیا گیا کہ وہ ٹکٹ کی بکنگ اور دیگر امور کی تکمیل کیلئے مقامی ایر انڈیا دفاتر سے ربط قائم کریں ۔ مسافرین کو اپنے ٹکٹ کی قیمت ادا کرنی ہوگی۔ ایمبسی آف کونسلیٹ کی جانب سے فراہم کردہ فہرست کے مطابق مسافرین کو ٹکٹ جاری کئے جائیں گے ۔ روانگی سے قبل صحت سے متعلق ضروری قواعد کی تکمیل اور ہندوستان میں لینڈنگ کے بعد کورنٹائن کے انتظامات کے سلسلہ میں وزارت داخلہ حکومت ہند نے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں ۔
اوصاف سعید نے اس مرحلہ پر ہندوستانی کمیونٹی سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ ایمبسی آف کونسلیٹ کو تقریباً 60 ہزار رجسٹریشن موصول ہوئے ہیں جس میں ہندوستان واپسی کا ارادہ ظاہر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قدر بڑی تعداد میں افراد کی منتقلی میں وقت لگ سکتا ہے۔ انہوں نے ہندوستانی کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ سماجی فاصلہ کو برقرار رکھیں اور کووڈ 19 کے سلسلہ میں مملکت سعودی عرب کی شرائط کی پابندی کریں ۔ ہندوستانی کمیونٹی کے افراد سے خواہش کی گئی کہ وہ صحت کی وجوہات کے سبب ایمبسی اور کونسلیٹ آنے سے گریز کریں۔ مزید تفصیلات ہندوستانی سفارت خانہ ریاض کے ہیلپ لائین نمبر +966-546103992 یا ہندوستانی کونسلیٹ جدہ کے ہیلپ لائین نمبرات +966-556122301/8002440003 پر ربط قائم کرسکتے ہیں۔