میلبورن ۔8 ستمبر (ایجنسیز) جنوبی ہندوستان میں خواتین کے بالوں میں پھول سجانا ایک عام روایت ہے تاہم دنیا کے ہر حصے میں چمبیلی (جاسمین) کا خیر مقدم نہیں کیا جاتا، خاص طور پر آسٹریلیا میں۔ ملیالم اداکارہ نویا نائیر پر میلبورن ایرپورٹ پر چمبیلی کا گجرا ساتھ رکھنے پر 1.14 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ نویا نائیر آسٹریلیا کے دورے پر تھیں تاکہ ملیالی اسوسی ایشن آف وکٹوریا کی جانب سے منعقدہ اونم تقریبات میں شرکت کر سکیں۔ اس دوران، انہیں میلبورن انٹرنیشنل ایرپورٹ پر روک لیا گیا۔ 15 سینٹی میٹر لمبی جاسمین گجرا (پھولوں کی لڑی) ساتھ رکھنے پر ان پر ایک لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ نویا نے ایک عوامی تقریب میں واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا اس سے پہلے کہ میں یہاں آتی، میرے والد نے میرے لیے جاسمین خریدا تھا۔ انہوں نے اسے دو حصوں میں کاٹا اور مجھے دیا۔ ایک حصہ میں بالوں میں لگا لوں کوچی سے سنگاپور کے سفر تک، کیونکہ وہاں پہنچتے پہنچتے وہ مرجھا جائے گا۔ دوسرا حصہ انہوں نے کہا بیگ میں رکھ لو تاکہ آگے سنگاپور سے پہن سکو۔ میں نے اسے کیری بیگ میں رکھ لیا۔انہوں نے استفسار کیا کہ جو میں نے کیا وہ قانون کے خلاف تھا۔ یہ ایک غلطی تھی جو انجانے میں ہوئی۔ لیکن لاعلمی کوئی عذر نہیں۔ صرف 15 سینٹی میٹر گجرا ساتھ رکھنے پر، حکام نے مجھے 1,980 آسٹریلین ڈالر (1.14 لاکھ روپے) جرمانہ عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جرمانہ 28 دن کے اندر ادا کرنا ہوگا۔ غلطی تو غلطی ہے، چاہے وہ جان بوجھ کر نہ ہو۔اس واقعہ کے باوجود نویا کا تہواری جوش کم نہیں ہوا۔