ہندوستانی اسپنرس کو آسٹریلیا میں مشکلات ہوں گی : پونٹنگ

   

ملبورن ۔4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے ہندوستانی فاسٹ بولنگ کی تعریف کی لیکن ساتھ ہی کہا کہ ہندوستانی اسپنروں کو آسٹریلیا میں پریشانی پیش آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیریز میں آسٹریلیا کا پلڑا بھاری ہوگا۔جسپریت بمراہ، محمد سمیع اور ایشانت شرما جیسے فاسٹ بولروں کے دم پر ہندوستان ٹسٹ درجہ بندی میںٹاپ پر پہنچا ہے۔ مذکورہ تینوں بولروں نے گزشتہ سیزن میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ 44 سالہ پونٹنگ نے کہا کہ ہندوستان کے پاس اگرچہ مضبوط فاسٹ بولنگ ہے لیکن اس کے اسپنر آسٹریلیا میں مقام قائم نہیں رکھ سکیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی بولنگ شاندار ہے ۔ بمراہ اور سمیع گزشتہ چند سال سے اچھا کھیل رہے ہیں۔امیش یادو اور ایشانت شرما کو ملاکر ہندوستان کا فاسٹ بولنگ شعبہ کافی اچھا ہے۔ ان کے ساتھ اسپنر اشون اور جڈیجہ کو شامل کر دیں تو یہ اور طاقت ورہوجائے گا لیکن اس کے اسپنروں کو آسٹریلیا میں دقت پیش آئے گی۔آسٹریلیا میں ہندوستانی اسپنروں کے مقابلے میں ناتھن لین کا ریکارڈ بہتر ہے۔ پونٹنگ نے کہا کہ آسٹریلیائی بولنگ میں مختلف تنوع ہے جس سے وہ دوسری ٹیموں سے بہتر ثابت ہوتی ہے۔