ہندوستانی اسپنرس کے خلاف مزید جارحانہ کھیل کی ضرورت: مارٹن

   

آکلینڈ ۔ 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے جارحانہ اوپنر مارٹن گپٹل نے کہا ہیکہ ہندوستانی اسپنرس کے خلاف میزبان ٹیم مزید جارحانہ کھیل کی حکمت عملی اختیار کرے گی جیسا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کل یہاں رواں ونڈے سیریز کا دوسرا مقابلہ کھیلا جائے گا۔ نیوزی لینڈ جس نے پہلے مقابلہ میں اپنی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے چار وکٹوں کی کامیابی حاصل کی اور سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے گپٹل نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کامیابی میں ہندوستانی اسپنرس کلدیپ یادو اور رویندر جڈیجہ کے خلاف بہتر مظاہرہ نے کلیدی رول ادا کیا جیسا کہ میزبان بیٹسمینوں نے اسپنرس کے خلاف 148 رنز اسکور کئے۔ گپٹل کے بموجب یہ بالکل مختلف حکمت عملی تھی جہاں ہندوستانی اسپنرس کے خلاف جارحانہ کھیل نے ٹیم کو کامیابی دلوانے کے علاوہ کھلاڑیوں کے حوصلے بھی بلند کئے ہیں۔ گپٹل نے مزید کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ ہملٹن میں جس طرح ہم نے ہندوستانی اسپنرس کو قابو میں کیا اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں رہی۔ طویل عرصہ کے بعد ہم نے ہندوستانی اسپنرس کے خلاف بہتر مظاہرہ کیا ہے جس سے ہمارے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور اس کا تسلسل ہم سیریز میں باقی رکھیں گے۔