پاکستان کو دنیا کے نقشہ سے مٹانے کی فوج میں طاقت، دہشت گردی ناقابل برداشت، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
سکریٹریٹ تا نکلس روڈ سروں کا سمندر، جئے ہند کے نعرے، بھارت جوان زندہ باد کا بھی نعرہ ‘بھٹی وکرمارکا ، عامر علی خاں ، وزراء اور سابق فوجیوں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 8۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پاکستان کو انتباہ دیا کہ اگر وہ دہشت گردی کی حوصلہ افزائی ترک نہیں کرے گا تو ہندوستانی افواج اسے دنیا کے نقشہ سے مٹانے کی طاقت اور صلاحیت رکھتی ہے۔ چیف منسٹر آج شام سکریٹریٹ تا مجسمہ اندرا گاندھی نکلس روڈ ہندوستانی افواج سے اظہار یگانگت کیلئے منظم کردہ ریالی سے خطاب کر رہے تھے۔ ریالی میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف ’’آپریشن سندور‘‘ میں مصروف افواج کی بھرپور تائید کا اظہار کیا۔ سکریٹریٹ تا نکلس روڈ قومی پرچم تھامے سروں کا سمندر دکھائی دے رہا تھا اور فضاء جئے ہند کے نعروں سے گونج رہی تھی ریالی میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، سریدھر بابو ، جوپلی کرشنا راؤ ، ارکان قانون ساز کونسل عامر علی خاں ، وجئے شانتی ، ادنکی دیاکر، رکن اسمبلی مدن موہن راُ، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو ، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ ، ڈائرکٹر جنرل پولیس جتیندر ، کمشنر پولیس سی وی آنند کے علاوہ ملک کی تینوں افواج کے سابق عہدیداروں نے شرکت کی۔ قومی پرچم کے ساتھ ہزاروں عوام ہندوستانی افواج کی تائید میں نعرے لگارہے تھے۔ سکریٹریٹ تا نکلس روڈ ریالی میں چیف منسٹر نے پیدل شرکت کی اور نکلس روڈ پر پہلگام واقعہ کے شہیدوں کو خراج پیش کیا۔ اس موقع پر پہلگام واقعہ کے مہلوکین کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی منائی گئی ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی سالمیت ، یکجہتی اور اقتدار اعلیٰ پر کسی بھی حملہ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ملک کے 140 کروڑ عوام اپنا جھنڈا اور ایجنڈہ ترک کرتے ہوئے ملک کے تحفظ کیلئے متحد ہیں۔ حیدرآباد کی اس ریالی کے ذریعہ یہ پیام دیا جارہا ہے کہ عوام فوج کے ساتھ ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی کرنے والے پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک کو انتباہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی سرگرمیوں سے باز آجائیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس قائدین ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی نے وزیراعظم سے ملاقات کرتے ہوئے حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مہاتما گاندھی کی قیادت میں عدم تشدد کے راستہ پر گامزن ہوتے ہوئے ملک کی آزادی حاصل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان کے جذبہ امن کو کوئی ملک کمزوری تصور کرتا ہے تو اس کے لئے آپریشن سندور بہترین جواب ہے۔ چیف منسٹر نے ہندی اور تلگو زبان میں خطاب کیا۔ انہں نے کہا کہ اگر ہم چاہیں تو ہندوستانی افواج راتوں رات دنیا کے نقشہ سے پاکستان کا نام مٹادیں گے اور پاکستان کل صبح کا سورج نہیں دیکھ پائے گا۔ ہم گاندھی جی کے پیرو ہیں اور امن کے حامی ہیں۔ جو بھی ملک دہشت گردی کی مدد کرے گا اسے ہرگز معاف نہیں کریں گے ۔ چیف منسٹر نے اپنی تقریر کا اختتام زندہ باد بھارت جوان اور جئے ہند کے نعروں سے کیا۔1
