دوبئی ۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کم) ایک ہندوستانی امام کی دو سالہ بیٹی ایک سڑک حادثہ میں شدید طور پر زخمی ہونے کے ایک ہفتہ بعد فوت ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق دو سالہ لڑکی اپنے والدین کے ساتھ جس کار میں سفر کررہی تھی وہ اچانک بے قابو ہوکر تین قلابازیاں کھانے کے بعد اچانک رک گئی لیکن تب تک اس میں سوار تینوں افراد شدید طور پر زخمی ہوچکے تھے جنہیں فوری طور پر قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں والدین کی حالت بہتر بتائی گئی ہے تاہم دوران علاج دو سالہ لڑکی جانبر نہ ہوسکی جس کی شناخت زلفی کی حیثیت سے ہوئی ہے۔ حادثہ کے وقت گاڑی متوفیہ کے والد چلارہے تھے جو راس الخیمہ کی ایک مسجد میں امام کے فرائض انجام دیتے ہیں۔ لڑکی کے دماغ کو اندرونی چوٹیں لگنے سے وہ فوت ہوئی جو اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھی۔
