صدر ٹرمپ کو ہندوستانی نژاد شہریوں کی تائید حاصل ہونے کے کم از کم 12 عوامل
وزیراعظم مودی سے دوستی نمایاں عنصر ۔ کئی ریاستوں میں ہندوستانی امریکیوں کا قابل لحاظ موقف
واشنگٹن: ہندوستانی نژاد امریکی شہری بالخصوص سیاسی طور پر اہم ریاستوں میں مقیم لوگ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی تائید میں آگے آرہے ہیں جس کے ایک دو نہیں بلکہ کم از کم 12 عوامل ہے۔ ایک داخلی ریسرچ سروے کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ صدر ٹرمپ کی دوستی نمایاں پہلو ہے۔ ٹرمپ ہندوستانی امریکیوں کے تعلق سے احترام کا مظاہرہ کرتے آئے ہیں، انہوں نے ہندوستان اور مودی کو اہمیت دی ہے۔ شاید اس کا نتیجہ ہیکہ گذشتہ 40 یوم میں انڈین کمیونٹی ٹرمپ کی سیاسی مہم میں دلچسپی لینے لگی ہے۔ یہ سروے ٹرمپ وکٹری انڈین امریکن فینانس کمیٹی کے شریک صدرنشین ال میسن اور ان کی ٹیم نے انجام دیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ موجودہ صدر کے پیشرو قائدین کے برخلاف اور موجودہ چیلنجر کے متضاد رویہ اختیار کرتے ہوئے ہندوستان کے داخلی امور سے خود کو دور رکھا ہے خاص طور پر کشمیر جیسے سلگتے مسائل پر امریکہ نے مداخلت سے گریز کیا ہے۔ ٹرمپ نے عالمی سطح پر ہندوستان کا قد بڑھانے میں نمایاں رول ادا کیا ہے۔ سروے میں کہا گیا کہ ٹرمپ۔ مودی عنصر کا کافی چرچا ہے۔ ہندوستانی امریکی روزبروز بڑھتی تعداد میں ٹرمپ پر اعتماد ظاہر کررہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ آئندہ چار سال کیلئے وہ بدستور مودی کے ساتھ کام کرتے ہوئے عالمی سطح پر چین کو مات دیں۔ دیگر عوامل میں چین کے خلاف ٹرمپ کا مضبوط موقف، ملک کو جنگ میں جھونکنے کے بجائے امن پسند شخص کے طور پر اپنا امیج بنانا، ماقبل کوویڈ۔19 دور میں امریکہ کا معاشی احیاء اور عالمی وباء سے بڑی حد تک عمدگی سے نمٹنا شامل ہے۔ ٹرمپ نے عالمی سطح پر ہندوستان کو جس طرح نمایاں کیا ہے، اس کا کریڈٹ بلاشبہ وزیراعظم مودی کو ملتا ہے کیونکہ انہوں نے امریکہ کے تعلق سے مخصوص پالیسی اختیار کی۔ ہند۔ امریکہ تعلقات موجودہ طور پر مضبوط ہیں۔ ٹرمپ اور مودی دونوں نے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان رشتے کو مضبوط کرنے کیلئے کام کیا ہے۔ سروے میں کہا گیا کہ کئی کلیدی ریاستوں میں ہندوستانی امریکیوں کی قابل لحاظ تعداد ہے اور وہ فیصلہ کن رول ادا کرسکتے ہیں۔ فلوریڈا میں 190,000 ووٹرس ہیں، مشیگن میں 120,000، پنسلوانیا میں 170,000، جارجیا میں 150,000، نارتھ کیرولینا میں 110,000، ورجینیا میں 165,000 اور ٹیکساس میں 470,000 ہندوستانی امریکی رائے دہندے ہیں۔ سروے کے نتائج میں بتایا گیا کہ روایتی طور پر 50 فیصد ہندوستانی امریکی ووٹروں نے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کو ووٹ دیالیکن اس مرتبہ وہ ریپبلکن ٹرمپ کی طرف مائل ہوسکتے ہیں۔
