ہندوستانی اوبر ڈرائیور پر امریکی خاتون مسافر کے اغواء کا الزام

   

نیویارک ۔ 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہندوستانی نژاد ہندوستانی کو جو رائیڈ۔ شیرنگ کمپنی اوبر میں ڈرائیور کے طور پر خدمات انجام دیتا ہے، ایک خاتون مسافر کو دھوکہ دیتے ہوئے اغواء کرنے اور اس سے زیادہ رقم اینٹھنے کی پاداش میں گذشتہ سال اکٹوبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔ 25 سالہ ہربیر پرمار نے خاتون مسافر کو جو پچھلی نشست پر سفر کے دوران سو گئی تھی، اس کی منزل مقصود وائیٹ پلینس سے 60 میل دور تک لے جانے کا جرم کیا تھا تاکہ وہ اس سے زائد رقم اینٹھ سکے۔ وائیٹ پلینس کی وفاقی عدالت نے اسے اغواء اور غیرقانونی طور پر رقم اینٹھنے کا مجرم قرار دیا جس میں اسے 20 سال کی سزائے قید ہوسکتی ہے۔ خاتون نے میان ہٹن سے وائیٹ پلینس جانے کیلئے اوبر ٹیکسی خدمات حاصل کی تھی لیکن ڈرائیور نے خاتون مسافر کی نیند کا فائدہ اٹھایا اور اسے اس کی منزل مقصود سے کافی دور لے آیا۔ خاتون کی آنکھ کھلنے پر اس نے اپنے آپ کو کنکٹی کٹ میں پایا۔ اس نے ڈرائیور سے وائیٹ پکیسنس چلنے کو کہا لیکن ڈرائیور نے اس کی بات نہیں مانی اور کنکٹی کٹ میں چھوڑ دیا جس کے بعد خاتون نے پولیس کی مدد طلب کی تھی۔