نئی دہلی۔ 3 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی باکسر نیرج گویت نے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو فائٹ کا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عامر کو ہرانے کے لیے تیار ہیں جس پر پاکستانی نژاد باکسر نے ان کا چیلنج قبول کر لیا ہے۔ عامر خان اور نیرج گویت کے درمیان فائٹ گزشتہ ماہ 12 جولائی کو سعودی عرب میں شیڈول تھی لیکن نیرج کار ایکسیڈنٹ کے دوران زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد فائٹ کو منسوخ کردیا گیا تھا۔ اس کے بعد نیرج کی جگہ آسٹریلین باکسر بلی ڈب نے یہ فائٹ لڑنے کا فیصلہ کیا تھا اور عامر خان نے اس مقابلے میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے محض چوتھے راؤنڈ میں ہی اپنے حریف کو ناک آؤٹ کردیا تھا۔ تاہم اب صحتیاب ہونے کے بعد ہندوستانی باکسر نے ایک مرتبہ پھر عامر خان کو چیلنج کردیا ہے۔ اس تصویر کے ساتھ اپنے پیغام میں نیرج نے کہا کہ میں اب فٹ اور ورلڈ باکسنگ کونسل کے رنگ میں عامر خان کو ہرانے کے لیے تیار ہوں۔