ہندوستانی برادری ملائیشیا کیساتھ تاریخی شراکت کا پل:مودی

   

کوالالمپور، 7 فروری (یو این آئی) جنوب مشرقی ایشیا کے ساتھ ہندوستان کی بڑھتی ہوئی اسٹریٹجک، اقتصادی اور ثقافتی شراکت داری کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو یہاں ہندوستانی تارکین وطن کو دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوستی کو مضبوط کرنے والے پل کے طور پر بیان کیا۔ مائنز انٹرنیشنل ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سنٹر میں مودی نے ، جو یہاں ملائیشیا کے دو روزہ دورے پر ہیں، کہا کہ اعتماد اور شراکت داری کے مضبوط پیغام کے ساتھ، آج ہندوستان کو عالمی سطح پر “ترقی کے لیے قابل اعتماد شراکت دارکے طور پر دیکھا جا رہا ہے اوراعتماد ہندوستان کی سب سے مضبوط کرنسی بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میں کوالالمپور میں ہندوستانی تارکین وطن کی گرمجوشی کے لئے شکر گزار ہوں۔ ہمارا ڈائسپورا ملائیشیا کیساتھ مضبوط پل کے طور پر کام کر رہا ہے ۔ملائیشیا تقریباً 2.9 ملین ہندوستانی نژاد لوگوں کا گھر ہے ، جو اسے دنیا میں ہندوستانی نژاد لوگوں کی دوسری سب سے بڑی کمیونٹی بناتا ہے ۔