ہندوستانی تہذیب میں بھرپور رواداری

   

یو اے ای سفیر برائے ہند کا احساس، دبئی ایکسپو 2020 کے ضمن میں میڈیا سے خطاب
نئی دہلی 21 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات کے سفیر برائے ہند احمد البانا نے کہاکہ ہندوستانی تہذیب میں زبردست رواداری اور اپنائیت ہے اور یہ دونوں ممالک کی مشترکہ خصوصیت ہے۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے سال 2019 ء کو رواداری کے سال کے طور پر منایا جارہا ہے۔ جنوری میں صدر کانگریس راہول گاندھی 2019 ء کو رواداری کے سال کے طور پر منانے کے لئے متحدہ عرب امارات کی ستائش کی تھی۔ دوسری طرف اُنھوں نے کہا تھا کہ ہندوستان میں گزشتہ ساڑھے چار سال کے دوران عدم رواداری دیکھی گئی۔ ہندوستان میں رواداری سے متعلق سوال پر احمد البانا نے کہاکہ رواداری کے حوالہ سے ہندوستان اور متحدہ عرب امارات میں کافی یکسانیت پائی جاتی ہے۔ یو اے اے کے سفیر نے مزید کہاکہ متحدہ عرب امارات اور ہندوستان کے درمیان باہمی تجارت 60 بلین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے اور متحدہ عرب امارات، امریکہ اور چین کے بعد ہندوستان کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ملک ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں تین ملین سے زیادہ ہندوستانی مقیم ہیں۔ دبئی ایکسپو 2020 کے ضمن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران اُنھوں نے یہ بات کہی۔ احمد البانا نے بتایا کہ دبئی ایکسپو میں 6 ماہ کے دوران تقریباً 25 ملین افراد کی شرکت کی توقع کی جارہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ دبئی ایکسپو 2020 میں انڈین پویلین، حکومت ہند کے تحت ہی ہوگا اور متحدہ عرب امارات میں مستقل انڈین پویلین ہوگا۔ ایکسپو میں اپنی اشیاء کی نمائش کے لئے 27 شعبوں کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں خلاء، فارماسیوٹیکل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بھی شامل ہیں۔ چھ ماہ طویل دبئی ایکسپو میں مجموعی طور پر 192 ممالک کے حصہ لینے کی توقع ہے جس کا 20 اکٹوبر 2020 سے آغاز ہوگا اور اپریل 2021 ء تک یہ ایکسپو جاری رہے گا۔