ہندوستانی تیزی سے ترقی کر رہا ہے ‘ مفادات حاصلہ بدامنی پھیلا رہے ہیں :مودی

,

   

Ferty9 Clinic

چینائی 14 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک کے مختلف حصوں میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ہندوستان تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور جو چیزیں کبھی نا ممکن تصور کی جاتی تھیں وہ اب حقیقت میں بدل رہی ہیں تاہم کچھ مفادات حاصلہ ہیں جو قوم کو گمراہ کرتے ہوئے بدامنی پھیلا رہے ہیں۔ ٹامل میگزین میں یہاں پیش کئے گئے ایک ویڈیو خطاب میںوزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے جو پالیسیوں کی پہل کی ہے ان سے ہندوستان کو معاشی اور سماجی یکجہتی پیدا کرنے میں مدد ملی ہے ۔ کانگریس پارٹی پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب وہ دہلی آئے تو انہوں نے محسوس کیا کہ جن لوگوں کو کئی کئی سال اقتدار حاصل رہا تھا انہوں نے اہم کاموں کو التواء کا شکار کر رکھا تھا ۔ ہم جانتے ہیں کہ یہاں وہاں بہانے بازیاں کرکے کاموں کو ٹالا گیا ۔ انہیں غیر یقینی کیفیت کا شکار کیا گیا ۔ مسائل پیدا کئے گئے ۔ اس کو الجھایا گیا اور پھر حل کرنے کا دعوی کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اب حالات بدل چکے ہیں۔ ہماری حکومت نے کئی دہوں سے التواء کا شکار مسائل کو حل کرنے کا عزم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کو حذف کردیا گیا ۔ تین طلاق کو روکنے قانون بنادیا گیا اور جی ایس ٹی کو نافذ کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان تیز رفتار سے ترقی کر رہا ہے ۔ جو کام کبھی نا ممکن سمجھے جاتے تھے اب وہ حقیقت بن کر سامنے آنے لگے ہیں لیکن کچھ مفادات حاصلہ ہیں جو ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔