ہندوستانی ثقافتی سفیر تین سال بعد امریکہ سے واپس

   

واشنگٹن ۔ امریکہ کیلئے ہندوستان کے اولین ثقافتی سفارتکار ڈاکٹر موکش راج گذشتہ تین سال سے امریکہ میں ہندوستانی کلچر کو فروغ دینے کے بعد وطن واپس ہوگئے ہیں۔ ان کی تین سالہ معیاد مکمل ہوچکی ہے ۔ انہوں نے امریکی ریاستوں میں ہندوستانی کلچر اور یوگا اور میڈیٹیشن کو فروغ دینے میں سرگرم رول ادا کیا تھا ۔ ڈاکٹر موکش راج نے ہندوستانی سفارتخانہ میں انڈین کلچر کے ٹیچرکی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے بعد اختتامی تقریب میں کہا کہ ہندوستان واحد ملک ہے جو ساری دنیا ایک خاندان میں یقین رکھتا ہے اور ہندوستان کا یہ نظریہ نیا نہیں ہے بلکہ یہ نوع انسانی کے ابتداء سے ہی پایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک مہذب شخص بھی اپنے خاندان کو تہس نہس کرنا نہیں چاہتا اور اسی طرح ہندوستانی کلچر بھی سب کی بہتری کیلئے کام کرتا ہے ۔ ایسے میں ہندوستان یوگا ‘ میڈیٹیشن ‘ ذہنی صحت اور عدم تشدد کے نظریات کے ذریعہ قدرتی توازن کو برقرار رکھنا چاہتا ہے ۔