ہندوستانی جونیئر ہاکی ٹیم چلی کیخلاف2-0 سے کامیاب

   

سینٹی گو۔ ہندوستان کی خاتون ہاکی جونیئر ٹیم نے اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے چلی کی سینیئر ٹیم کو ایک بے حد سخت مقابلے میں2-0 سے شکست دی۔ چلی کے دورے پرگئی جونیئر ٹیم نے یہاں ہفتے کے روز پرنس ویلس کنٹری کلب کے میدان پر پانچویں میچ میں میزبان ٹیم کو گول کرنے کا کوئی موقع نہ دیتے ہوئے میچ اپنے نام کر لیا۔ چلی کے دارالحکومت میں کھیلے گئے اس میچ میں ہندوستان کی جانب سے پہلا گول سنگیتا کماری نے48 ویں منٹ میں کیا جبکہ سشماکماری نے56 ویں منٹ میںگول کیا۔ دونوں ہی گول میچ کے آخری کوارٹر میں کئے گئے ۔ میچ کی شروعات سے ہی دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا اور پہلے تین کوارٹر میں دونوں ٹیموں میں سے کوئی بھی ٹیم گول نہیں کر پائی حالانکہ دونوں ہی ٹیموں کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے ۔ دوسرے کوارٹر میں ہندوستان کو دو پینلٹی کارنر ملے لیکن ٹیم انھیں گول میں تبدیل نہیں کر پائی۔ میچ کے تیسرے کوارٹر میں بھی کوئی ٹیم گول نہیں کر پائی۔ میچ کے چوتھے اور آخری کوارٹر میںہندوستان کے کھلاڑیوں نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول اور2-0 سے میچ اپنے نام کر لیا۔