نئی دہلی ، 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے ہندوستان کے حج کوٹہ میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 1,70,000 سے 2,00,000 کردیا ہے۔ اس مسئلہ پر وزیراعظم نریندر مودی کی سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کے ساتھ جاپانی شہر اوساکا میں بات چیت کے دوران غور ہوا تھا۔
٭ کم عمر ہندوستانی امریکی اَوی گپتا نے امریکہ میں انفرادی کوئز شو Teen Jeopardy 2019ء میں 100,000 ڈالر (تقریباً 70 لاکھ روپئے) کی انعامی رقم جیت لی ہے۔ یہ شو جمعہ کو ٹی وی پیش کیا گیا، جس میں گپتا نے تین ہندوستانی امریکیوں کے بشمول 15 دیگر اسٹوڈنٹس کو مات دی۔
٭ چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ زیرقیادت حکومت نے دیگر پسماندہ طبقات (OBCs) کی 17 ذاتوں کو درج فہرست طبقات (SCs) کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ ان طبقات میں کیشپ، ملاح، کمہار، راج بھر، اور پرجاپتی و دیگر شامل ہیں۔ ان طبقات کے لوگوں کو ایس سی طبقات کے مساوی ریزرویشن کے فوائد اور دیگر سہولتیں حاصل ہوں گے۔
٭ مرکزی حکومت نے چھوٹی بچت کی اسکیمات بشمول پبلک پراویڈنٹ فنڈ پر شرح سود گھٹا دی ہے۔ ان پر اب موجودہ 8% کے بجائے جولائی۔ سپٹمبر سہ ماہی کیلئے 7.9% کی شرح سود حاصل ہوگی۔
٭ بی جے پی نیشنل جنرل سکریٹری رام مادھو نے ہفتہ کو کہا کہ مرکزی حکومت آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کی پابند عہد ہے، جو جموں و کشمیر کو خصوصی خودمختار درجہ دیتا ہے۔ مادھو نے کہا کہ جب اسے سابق پی ایم جواہر لعل نہرو نے متعارف کرایا، تب خود انھوں نے کہا تھا کہ یہ عارضی ہے اور مستقبل میں خودبخود ختم ہوجائے گا۔
٭ سابق انڈین کرکٹ ٹیم کیپٹن کپل دیو دہلی میں قائم آن لائن مارکیٹ پلیس WizCounsel میں لگ بھگ 1 کروڑ روپئے کے اینجل فنڈنگ راؤنڈ میں سبقت حاصل کی ہے۔ یہ لیگل۔ٹیک اسٹارٹپ فری لانس لیگل، ٹیکس اور اکاؤنٹنگ ماہرین کی کمپنی ہے۔ اس کی بنیاد 2018ء میں رانو گپتا نے رکھی تھی۔
٭ پانچ ہندوستانی کشتی رانوں کو جنھیں اپریل میں نائجیریا میں ایک جہاز سے قزاقوں نے اغوا کرلیا تھا، اب رہا کیا جاچکا ہے، مملکتی وزیر برائے جہازرانی منسکھ منداویا نے یہ بات کہی۔ حکومت ہند نے صورتحال سے نمٹنے کیلئے بین وزارتی گروپ عہدیداران کی میٹنگ طلب کی تھی۔