ہندوستانی خاتون ٹیم کا آسٹریلیا میں ڈے ۔نائٹ ٹسٹ

   

نئی دہلی ۔ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم آئندہ آسٹریلیائی دورے پر پنک بال ٹسٹ کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں نے 30 ستمبر سے اکتوبر کے درمیان پنک بال یعنی ڈے نائٹ ٹسٹ کھیلنے کی تصدیق کی ہے ۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری جئے شاہ نے جمعرات کے روز اس کی اطلاع دی ۔آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بعد ڈے نائٹ ٹسٹ کھیلنے والی ہندوستان تیسری خواتین ٹیم بن جائے گی۔ انگلینڈ اور آسٹریلیا نے 2017 ایشز سیریز کے دوران پنک بال ٹسٹ کھیلا تھا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے بدھ کے روز اپنی مردوں کی کرکٹ ٹیم کا شیڈول جاری کیا تھا اور اب اس نے اپنی خواتین ٹیم کا ہندوستانی ٹیم کے خلاف ملٹی فارمیٹ سیریز کا شیڈول جاری کردیا ہے ۔ دونوں ٹیموں کے مابین مقابلہ19 ستمبر کو مغربی آسٹریلوی کرکٹ اسوسی ایشن (ڈبلیو اے سی اے ) گراؤنڈ میں ونڈے سیریز سے شروع ہوگا۔ اس کے بعد30 ستمبر سے3 اکتوبر کے درمیان ڈے نائٹ ٹسٹ کھیلا جائے گا اور اس کے بعد تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز7 اکتوبر سے شروع ہوگی۔خیال رہے ہے کہ ہندوستان اورآسٹریلیا نے آپس میں نو باہمی ٹسٹ کھیلے ہیں جن میں سے چار آسٹریلیائی ٹیم نے جیتے ہیں ، جبکہ باقی پانچ ڈرا ہوئے ۔ دونوں ٹیموں نے آخری بار2006 میں ایڈیلیڈ میں ایک دوسرے کے خلاف ٹسٹ میچ کھیلا تھا ، جو آسٹریلیا نے جیتا تھا۔