ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کو ستمبر ۔ اکتوبر میں دورۂ آسٹریلیا کے لئے بنگلورو میں ٹریننگ کیمپ

   

نئی دہلی ۔ ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کو ستمبر ۔ اکتوبر میں دورۂ آسٹریلیا کے لئے بنگلورو میں ٹریننگ کیمپ میں شرکت کی ہدایت دی گئی ہے جس کے بعد یہاں کھلاڑیوں کی آمد ہو رہی ہے۔ دورۂ آسٹریلیا کے لئے ہندوستانی خاتون ٹیم کا ہنوز اعلان نہیں ہوا ہے لیکن تقریباً 30 کھلاڑیوں کو منگل کی شام تک بنگلورو پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے جس کے بعد کھلاڑیوں کو یہاں 6 دن کا قرنطینہ مکمل کرنا پڑے گا اور اس کے بعد وہ ٹریننگ کا آغاز کرسکتی ہیں۔ ہندوستانی ٹی 20 ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور، سمرتی مندنا، جمیما روڈریگز، دیپتا شرما اور شفالی ورما فی الحال انگلینڈ میں ’’ہنڈرڈس‘‘ میں مصروف ہیں لیکن انہیں بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 22 اگست تک بنگلورو پہنچ جائیں جس کے بعد انہیں 6 دن کا قرنطینہ مکمل کرنا پڑے گا۔ اس قرنطینہ کی تکمیل کے بعد وہ مہینے کے آخر میں آسٹریلیا کے لئے روانہ ہوں گی۔ ہنڈرڈس کا 21 اگست کو خطابی مقابلہ کھیلا جائے گا۔ آسٹریلیا پہنچنے کے بعد بھی ہندوستانی کھلاڑیوں کو کو 14 دن کا قرنطینہ مکمل کرنا پڑے گا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سڈنی میں پہلا ونڈے کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم دورۂ آسٹریلیا کے موقع پر 3 ونڈے، 3 ٹی 20 اور ایک ڈے نائٹ ٹسٹ کھیلے گی۔ آسٹریلیا پہنچنے کے بعد ہندوستانی ٹیم کو ایک ہفتہ کا سخت ترین قرنطینہ مکمل کرنا پڑے گا جس کے بعد انہیں آئندہ 7 دنوں کی تکمیل کے بعد ٹریننگ کی اجازت دی جائے گی۔ بی سی سی آئی کے عہدیدار نے میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا پہنچنے کے بعد بھی ہندوستانی خاتون کھلاڑیوں کو قرنطینہ کی مدت مکمل کرنی ہے جبکہ پرتھ کے واکا میدان پر ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف گلابی گیند سے ڈے نائٹ ٹسٹ کھیلے گی اور یہ ہندوستان کے لئے ایک بہت بڑا چیالنج ہوگا کیونکہ ہندوستانی ٹیم ڈومسٹک کرکٹ میں بھی سرخ گیند سے مقابلہ نہیں کرتی۔ ہندوستانی ٹیم جس نے 7 برس بعد انگلینڈ کے خلاف واحد ٹسٹ کھیلا تھا جس میں ناقص شروعات کے باوجود قومی ٹیم نے بہتر واپسی کرتے ہوئے اسے ڈرا کیا تھا۔ بعد ازاں انگلش ٹیم نے ہندوستان کو ونڈے اور ٹی 20 سیریز میں شکست دی تھی۔ بی سی سی آئی کی اپیکس کونسل کی رکن شانتا رنگاسوامی نے حکام کو مکتوب لکھتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ آسٹریلیا روانگی سے قبل ہندوستانی کھلاڑیوں کے لئے ایک گھریلو ایونٹ منعقد کیا جائے جس میں گلابی گیند کا استعمال ہو لیکن یہ منصوبہ روبہ عمل نہیں لایا جاسکا۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد یہ واضح ہوچکا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کو مختلف شعبوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے اور خاص کر کے مڈل آرڈر اور فاسٹ بولنگ شعبہ میں بہتری کی اشد ضرورت ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ بنگلورو میں منعقد شدنی ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑی گلابی گیند سے مشق کریں گے۔