لاہور : ہندوستان کی 90 سالہ خاتون کو راولپنڈی شہر کی تنگ گلیوں میں واقع اپنے 3 منزلہ آبائی گھر کے دورے کی اجازت نے ہندو ستان اور پاکستان کے حکام کے لیے دونوں ملکوں کے شہریوں کو انسانی بنیادوں پر سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک نیا باب کھول دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کے شہر پونے سے تعلق رکھنے والی 90 سالہ رینا ورما نے آخر کار اس گھر کو دیکھنے کا اپنے خاندان کا خواب پورا ہوگیا جسے وہ 75 سال پہلے چھوڑ کر گئی تھیں۔ان کے دورے اور متعلقہ رسمی کارروائی کے لیے فیس بک پیج‘انڈیا پاکستان ہیریٹیج کلب’کے ایڈمنسٹریٹر عمران ولیم نے سہولت فراہم کی۔عمران ولیم نے کہا کہ ہندوستانی حکام کو بھی اسی طرح کا مثبت جواب دینا چاہیے کیونکہ پاکستان سے بھی 20 سے زیادہ بزرگ شہری سرحد پار اپنے آبائی گھروں کو جانا چاہتے ہیں۔انہوں نے نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے مشترکہ ورثے کو اجاگر اور تقسیم کے بعد الگ ہونے والے خاندانوں کو دوبارہ ملانے کے لیے کام کرتے ہیں، ہم لوگوں کو سرحد پار سفر کی اجازت کے حصول میں مدد کرنا چاہتے ہیں۔ رینا ورما نے نم آنکھوں سے بتایا کہ ان دنوں ہمارے پاس ریڈیو اور گراموفون تھا اور بالخصوص جب بارش ہوتی تھی تو میں ہمارے گھر کی بالکونی سے گانے گاتی تھی۔انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنے ویزے کے نظام میں نرمی کریں تاکہ دونوں طرف کے لوگوں کو کثرت سے ملنے کا موقع مل سکے۔