ہندوستانی خواتین اورآسٹریلیا کے درمیان ٹسٹ سیریز

   

کارارا (کوئنز لینڈ) ۔ ایک دلچسپ ونڈے سیریز کے بعد ہندوستانی خواتین اورآسٹریلیا کے درمیان ٹسٹ سیریز پر توجہ مرکوز ہوچکی ہے اور دنوں ٹیموں کے درمیان اب میٹرکون اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے واحد ڈے/ نائیٹ ٹسٹ کارارا میں جمعرات کو شروع ہورہا ہے ۔ونڈے سیریز میں 2-1 کی فتح کے بعد میزبان ٹیم پراعتماد ہے لیکن انہیں کچھ اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی سے اسے پریشانی ہوسکتی ہے ۔ اوپنر راچیل ہینس بھی ان کھلاڑیوں کی طویل فہرست میں شامل ہوچکی ہیں جو میچ میں انتخاب کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ہندوستان کے لیے نامعلوم حالات سے نمنٹے کیلئے اپنی کارکردگی کا تعین کرنا اہم ہوگا کیونکہ یہ ڈے نائٹ ٹسٹ میچ میں گلابی گیند سے ان کا پہلا تجربہ ہے ۔ ونڈے سیریز میں ان کی کارکردگی اور چند ماہ قبل انگلینڈ کے خلاف واحد ٹسٹ میں کارکردگی مہمان کھلاڑیوں کے ذہن میں موجود ہے، کپتان متھالی راج ان کے مواقع کے لیے پرامید ہوں گی۔آخری مرتبہ ان دونوں ٹیموںکا سامنا ٹسٹ میچ میں 2006 میں ہوا تھا۔ ایڈیلیڈ میں کھیلتے ہوئے آسٹریلیا نے ایک اننگز اور چار رنز سے فتح درج کی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے لیزا اسٹالیکر کے 72 کی بدولت 250 رنز بنائے جہاں بولروں کیلئے حالات سازگار تھے ۔اس مقابلے میں آسٹریلیائی بولروں کی عمدہ اجتماعی کارکردگی کی وجہ سے ہندوستان 93 رنز پر ڈھیر ہوگیا تھا ۔ اس کے بعد فالوآن کھیلتے ہوئے ہندوستان دوسری اننگزمیں بھی صرف 153 اسکور کرنے میں کامیاب رہا ۔ لیزا اسٹالیکر مقابلے کا اصل فرق ثابت ہوئی تھی جنہوں 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا ۔ڈے نائیٹ ٹسٹ کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے آسٹریلیائی کپتان میگ لیننگ نے کہا یہ واقعی دلچسپ موقع ہے ، ہندوستان ظاہر ہے کہ ایک عظیم کرکٹ ملک ہے ، وہ اپنی کرکٹ سے محبت کرتے ہیں اور ان کے خلاف ٹسٹ میچ کھیلنا انتہائی دلچسپ ہوگا۔ ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کے کپتان متھالی راج نے کہا ٹیم یقینی طور پر پراعتماد ہے۔ ٹیم کافی پرجوش ہے۔ ڈے نائٹ ٹسٹ میں گلابی گیند سے کھیلنا ہمارے لیے ایک مختلف تجربہ ہے۔ عام طور پر ٹسٹ دن میں کھیلا جاتا ہے اور ہم نے انگلینڈ کے خلاف سرخ گیند سے ٹسٹ کھیلا تھا اور گلابی گیند سے پہلا تجربہ ہوگا۔