ہندوستانی خواتین میں بریسٹ کینسر بہت عام ہے،تلنگانہ ریجنل راونڈ ٹیبل اجلاس سے ماہرین کا خطاب

   

حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : چھاتی کا کینسر ہندستانی خواتین میں پایا جانے والا ایک عام مرض ہے اور اس کی شرح 25.8 فی ایک لاکھ اور اس کے باعث اموات کی شرح 12.7 فی لاکھ ہے ۔ اس کا پتہ چلانے میں تاخیر کے لیے مختلف وجوہات ہیں جس میں بیداری کا فقدان ، مریضوں کا شرمانا ، سماج میں بدنامی کا خوف اور اس سلسلہ میں لاپرواہی شامل ہے ۔ اس مرض کے باعث ہونے والی اموات کی شرح کو کم کرنے کے لیے اس کا جلد پتہ چلانا نہایت کارگر ثابت ہوتا ہے ۔ کانفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے زیر اہتمام آج یہاں بریسٹ کینسر پر منعقدہ تلنگانہ ریجنل راونڈ ٹیبل میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں خواتین میں بریسٹ کینسر میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ڈاکٹر دنیش پندھارکر ، صدر انڈین سوسائٹی آف انکولوجی نے کہا کہ سات ریاستوں میں ضلع کی سطح پر کینسر یونٹس کام کررہے ہیں اور تلنگانہ میں بھی ان کا جلد آغاز کیا جائے گا ۔۔