ہندوستانی خواتین ٹیم کی نظر پاکستان کے خلاف جیت پر

   

کولمبو، 4 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ کبھی بھی صرف ایک میچ نہیں ہوتا۔ جب ویمنس ورلڈ کپ کے تحت اتوار کو یہاں آر پریم داسا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا تو دونوں ٹیمیں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کریں گی۔ جہاں تک ٹریک ریکارڈ کی بات ہے، ہندوستانی خواتین ٹیم نے اس مقابلے میں پوری طرح قبضہ جما رکھا ہے۔ گیارہ میچ، گیارہ جیت، اور آخری میچ 2022 ورلڈ کپ میں 107 رنز سے کامیابی۔ دیپتی شرما کی آل راؤنڈ مہارت اور امنجوت کور کی نصف سنچری کی بدولت، اپنے پہلے میچ میں میزبان سری لنکا کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 59 رنز سے ہرانے کے بعد ٹیم کی فارم برقرار ہے۔ مردوں کی ٹیم کو پریشان کرنے والا ’’مصافحہ کا تنازعہ‘‘ اب خواتین کی ٹیم پر بھی چھا گیا ہے۔ اس تعلق سے پوچھنے پر دیپتی شرما نے تجربہ کار اوپننگ بیاٹر کی طرح پرسکون انداز میں جواب دیا کہ جب موقع آئے گا تب دیکھیں گے۔کپتان ہرمن پریت کور نے واضح انداز میں کہا کہ ڈریسنگ روم صرف کارکردگی کی بات کرتا ہے، پروٹوکول کی نہیں۔ بی سی سی آئی نے اشارہ دیا ہے کہ ہاتھ نہ ملانے کا یہ رویہ خواتین کھلاڑیوں پر بھی لاگو ہو سکتا ہے ، اسی لیے میچ کی پہلی گیند پھینکے جانے سے پہلے ہی قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہوچلا ہے ۔