واشنگٹن : ہندوستانی نژاد سائنسدان ڈاکٹر ہاشمہ حسن نے نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا) کے ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کو لانچ کرنے میں کلیدی رول ادا کیا ہے۔ لکھنؤ یونیورسٹی اور علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کی فارغ التحصیل ڈاکٹر ہاشمہ نے اپنی تعلیم کے بعد واشنگٹن ڈی سی میں واقع ناسا ہیڈکوارٹرس میں سینئر سائنٹسٹ کے طور پر کام کرنے کے موقع سے استفادہ کیا۔ ان کے نمایاں کاموں میں جیمس ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ میں ڈپٹی پروگرام سائنٹسٹ کا رول ہے جو انہوں نے بخوبی نبھایا۔ اسی کاوش کے نتیجہ میں ہبل اسپیس ٹیلی اسکوپ کی ایجاد ہوئی۔ وہ موجودہ طور پر جیمس ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کیلئے ترجمان کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہے۔ حال ہی میں انہوں نے انکشاف کیا کہ جب وہ چھٹی جماعت میں تھیں، ایک ٹیچر نے طلبہ سے کہا تھاکہ اگر وہ سخت محنت کرتے ہیں تو کچھ بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ٹیچر کی بات نے ہاشمہ حسن کے ذہن پر گہرا اثر ڈالا اور انہوں نے اعلیٰ تعلیم کیلئے سائنس کو ہی کلیدی مضمون کے طور پر منتخب کیا۔ ہاشمہ کے انکل ڈاکٹر حسین ظہیر سابق ڈائرکٹر جنرل، کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ ہیں جبکہ ان کی آنٹی ڈاکٹر نجمہ ظہیر بائیولوجسٹ ہیں۔ فیملی میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اشخاص کی موجودگی میں ہی ہاشمہ حسن کو سائنس اور تحقیق کے شعبہ میں آگے بڑھتے رہنے میں مدد کی۔ ڈاکٹر ہاشمہ نے بھابا اٹامک ریسرچ سنٹر میں نیوکلیئر فزکس پر ریسرچ کے ساتھ اپنے کریئر کی شروعات کی تھی۔ انہوں نے ڈاکٹر ظل الرحمن خان کی نگرانی میں اے ایم یو سے پی ایچ ڈی بھی کیا۔ انہیں لندن اور امریکہ میں بھی پڑھائی کا موقع ملا۔