ہندوستانی سفارت خانہ برائے سعودی عرب میں جشن جمہوریہ

,

   

ریاض 27 جنوری (کے این واصف) یوم جمہوریہ ہند تقریب ہفتہ کو جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ سفارت خانہ ہند کے احاطہ میں سفیر ہند احمد جاوید نے قومی ترنگا لہراکر تقریب کا آغاز کیا۔ اسٹیج سے آخر تک تل دھرنے کی جگہ نظر نہیں آرہی تھی۔ ایمبیسی کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب اس قدر بڑی تعداد میں ہندوستانی جمع ہوئے ۔ پرچم کشائی کے بعد انٹرنیشنل انڈین پبلک اسکول کی طالبات نے قومی ترانہ پیش کیا۔ جسکے بعد احمد جاوید نے صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند کا پیام پڑھ کر سنایا ۔ سفیر ہند نے اپنے خطاب میں کہاکہ سفارت خانہ مملکت میں موجود ہر ہندوستان کی مدد کیلئے 24 گھنٹے تیار رہتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ ایمبیسی کی ٹیمیں مملکت کے چھوٹے سے چھوٹے مقام کا دورہ کرتی ہے اور ہندوستانی کارکنوں تک پہنچتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ جن دنوں حکومت سعودی عرب نے غیر قانونی حیثیت میں آگئے غیر ملکیوں کو عام معافی دیتے ہوئے مملکت سے نکل جانے کی اجاز ت دی تھی سفارت خانے نے دن رات کام کرکے تمام ہندوستانیوں کو وطن واپس جانے میں مدد کی ۔ انہوںنے کہاکہ پچھلے سال ایمبیسی نے سعودی عرب کے جنادریہ میلے میں مہمان خصوصی حصہ لیا اور انڈین پویلین کا 20 لاکھ سے زائد افراد نے مشاہدہ کیا۔ اس کے علاوہ سعودی حکومت کے تعاون سے ایمبیسی نے ’انٹرنیشنل یوگا ڈے‘ کا اہتمام کیا۔ نیز ایمبیسی نے مہاتما گاندھی کی 150 ویں یوم پیدائش تقریب منائی۔ انہوںنے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے یہ بھی کہاکہ ایمبیسی ہند کی سعودی حکومت سے کامیاب نمائندگی سے ہندوستانیوں کو ویزا فیس برائے نام حد تک کم کرائی گئی۔ آخر میں انھوں نے کہاکہ سفیر اور سفارت کار تو یہاں آتے ہیں مگر ہندوستانی کارکنان یہاں برسوں گزارتے ہیں جو ملک کے مستقل نمائندے ہیں لہذا انھیں چاہئے کہ میزبان ملک کے قوانین کی پابندی کریں۔ ڈاکٹر حفظ الرحمن فرسٹ سکریٹری سفارت خانہ نے نظامت کی اور مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ نائب سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خاں، آرمی اتاشی منیش ناکیال دیگر سفارتکار اور کارکنان موجود تھے۔ حفظ الرحمن نے شکریہ ادا کیا ۔مٹھائیوں اور مشروبات سے ضیافت کی گئی۔ انٹرنیشنل انڈین اسکول کی طالبات نے رنگا رنگ کلچرل پروگرام بھی پیش کیا۔