ہندوستانی سفیر امریکہ میں گرفتار طلباء سے آج ملاقات کریں گے

,

   

فرضی یونیورسٹی معاملے میں ہندوستانی طلباء کی گرفتاری افسوسناک اور باعث تشویش

واشنگٹن ۔ /3 فبرور ی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی سفیر برائے امریکہ ہرش وردھن شرنگلا نے آج اعتماد کا اظہار کیا کہ وزارت خارجہ کے عہدیدار کل پیر کے دن پے اینڈ اسٹے اسکام کے تحت گرفتار تمام ہندوستانی طلباء سے ملاقات کرنے کی کوشش کریں گے ۔ امریکی حکام نے فرضی یونیورسٹی ویزا ریاکٹ کے سلسلے میں ہندوستانی طلباء کو گرفتار کیا ہے ۔ ان کا یہ ریمارک گرفتار شدہ طلباء کے حق میں حکومت ہند کی طاقت کے پہلو کو اجاگر کرتا ہے ۔ ہندوستانی سفیر نے طلباء کی گرفتاری پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ فرمنگٹن ہلز مشی گن میں فرضی یونیورسٹی آف فرمنگٹن قائم کرکے طلباء کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ۔ ہم اپنے طلباء کے مفادات کا تحفظ کریں گے اور انہیں انصاف دلانے کی کوشش کریں گے ۔ گرفتار شدہ طلباء کی اکثریت سے ملاقات کی جارہی ہے ۔ گرفتار شدہ طلباء کو مشورہ دیا گیا کہ وہ مختلف قانونی پہلوؤں کو اختیار کریں اور اپنے وکیلوں سے رجوع ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں اب تک گرفتاری کے تعلق سے 100 سے زائد کال آئے ہیں اور وزارت خارجہ کے ہاٹ لائین پر بھی طلباء نے مدد کی درخواست کی ہے ۔ امریکہ میں تعینات ہمارے 5 قونصل خانوں کے ہر ایک نوڈل آفیسر کو صورتحال سے واقفیت کی ہدایت دی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے کل نئی دہلی میں امریکی سفارتخانہ کو ایک احتجاجی مکتوب روانہ کیا تھا اور 129 ہندوستانی طلباء کی گرفتاری پر تشویش ظاہر کی تھی ۔ گرفتار شدہ طلباء میں زیادہ کا تعلق آندھراپردیش و تلنگانہ سے ہے ۔ 600 افر اد کو گرفتار کرنے کیلئے وارنٹ جاری کئے ہیں ۔ ان طلباء کا مستقبل خطرے میں ہے ۔