لاہور 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے کرتارپور میں گردوارہ دربار صاحب کے عقیدت مندوں میں شامل ایک ہندوستانی سکھ خاتون نے پاکستانی شخص کے ساتھ بغیر ویزا پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد جانے کی کوشش کی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ وہ شخص ہندوستانی سکھ خاتون کا فیس بُک فرینڈ ہے۔ ذرائع کے مطابق 20 سالہ منجیت کور نومبر کے آخری ہفتہ میں کرتارپور راہداری کے ذریعہ گردوارہ دربار صاحب پہنچی تھی۔منجیت کور فیس بک پر اس شخص سے رابطہ میں تھی اور گردوارہ میں اس سے ملاقات کے بعد پاکستان کا پرمٹ دکھاتے ہوئے اس شخص کے ساتھ فیصل آباد روانہ ہونے کی کوشش کی ۔ ہندوستانی سکھ عقیدت مند بغیر ویزا کے کرتارپور راہداری کے ذریعہ ہردوارہ دربار صاحب جاسکتے ہیں لیکن انہیں بغیر ویزا کے پاکستان کے کسی دوسرے مقام پرجانے کی اجازت نہیں ہے ۔ سیکورٹی عہدیداروں نے سکھ خاتون کو جانے سے روک دیا اور خاتون کو واپس بھیج دیا گیا اور اس کی اطلاع ہندوستانی سیکورٹی عہدیداروں کو دی گئی ۔ پاکستانی عہدیداروں نے فیصل آباد کے اس شخص کو دو افراد کے ساتھ حراست میں لے لیا جن میں ایک خاتون بھی ہے اور پوچھ تاچھ کے بعد انہیں چھوڑ دیا گیا ۔