واشنگٹن ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں اس وقت کئی شہروں میں روڈ شوز منعقد کئے جارہے ہیں جہاں ہندوستان کی ہمہ جہتی ثقافت، تہذیب اور ’’لاجواب انڈیا‘‘ کی جھلکیاں پیش کی جارہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ امریکی شہریوں کو اس بات کی جانب راغب کیا جاسکے کہ وہ ہندوستان کی سیاحت کیلئے مجبور ہوجائیں۔ ہندوستان میں سیاحوں کی دلچسپیوں کیلئے متعدد تاریخی مقامات، مہم جوئی اور میڈیکل ٹورازم کے مواقع موجود ہیں۔ حکومت ہند کی جانب سے صنعتی حصص برادروں کے تعاون سے چار روزہ روڈ شوز کا اہتمام کچھ اس انداز سے کیا گیا کہ اس نے امریکی شہریوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔ یہی نہیں بلکہ سب سے زیادہ دلچسپی یہاں کے ٹور آپریٹرس نے لی ہے۔ ڈائرکٹر جنرل ٹورازم میناکشی شرما نے دریں اثناء بتایا کہ روڈ شوز کے ذریعہ ہندوستان کی ثقافت، تہذیب اور کثرت میں وحدت کی جھلکیاں پیش کی گئی ہیں۔ میناکشی شرما اس وقت ایک اعلیٰ سطحی ہندوستانی سیاحتی وفد کی قیادت کررہی ہیں جو واشنگٹن ڈی سی، بوسٹن، سیاٹل اور سان فرانسسکو کے علاوہ کینیڈا کے شہر وینکوور کا دورہ کرتے ہوئے روڈ شوز کررہا ہے۔
