ہندوستانی شہریوں کو فی الحال جرمنی آنےکی اجازت نہیں: جرمن سفیر

   

Ferty9 Clinic

برلن ؍ نئی دہلی : ہندوستان میں تعینات جرمن سفیر نے بالواسطہ طور پر کہا ہے کہ ہندوستانی شہریوں کے جرمنی آنے پر فی الحال پابندی عائد رہے گی اور حالات بہتر ہونے کے بعد ہی بعض سفری پابندیاں ختم کی جا سکیں گی۔ایک ہندوستانی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ہندوستان میں جرمنی کے سفیر والٹر لِنڈنر کا کہنا تھا کہ جب سفری پابندیاں ختم ہوجائیں گی، ”تب ہم ان ہندوستانیوں کا اور بالخصوص طلبہ کا، جو ہماری بین الاقوامی برداری کا ایک بہت بڑا حصہ ہیں،جرمنی میں ایک بار پھر خیر مقدم کریں گے جنہوں نے کووڈ کے دونوں ٹیکے لگوا لیے ہوں گے۔‘‘جرمن سفیر کا کہنا تھا، ’’بیشتر ممالک کورونا وائرس کی نئی قسم سے خوفزدہ ہیں۔ اور خود ہندوستان بھی کسی دوسرے ملک سے اپنے ہاں کورونا کی کسی بھی نئی قسم کو پہنچنے سے روکنے کی کوشش کرے گا۔ اس لیے بیشتر یورپی ممالک نے بعض سفری پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ جب جرمن سفیر سے پوچھا گیا کہ جو لوگ ‘کووی شیلڈ‘ ویکسین لگوا چکے ہیں، آیا انہیں بھی جرمنی میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی حالانکہ اب جرمنی سمیت سات یورپی ملکوں نے ‘کووی شیلڈ‘ کے مؤثر ہونے کو تسلیم بھی کر لیا ہے، تو والٹر لِنڈنر نے کہا کہ جن لوگوں نے کووی شیلڈ ویکسین لگوائی ہے، اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ انہیں اب جرمنی میں داخل ہونے کی اجازت مل گئی ہے۔ سفر پر اب بھی پابندی ہے۔ جو ہندوستانی سفر کرنا چاہتے ہیں وہ کووی شیلڈ لگوا کر اسے اینٹی کووڈ ویکسینیشن کے ثبوت کے طور پر پیش کر کے یورپ کا سفر کر سکتے ہیں۔ ’’لیکن یہ کوئی انٹری کارڈ نہیں ہے۔ سفری پابندیاں اب بھی برقرار ہیں۔