سکھ رہنما کے قتل کی سازش‘ہندوستانی حکومت کے اہلکار کیساتھ رابطہ میں تھا
نیو یارک ۔ 14؍فروری ( ایجنسیز ) ہندوستانی شہری نکھل گپتا نے امریکی وفاقی عدالت میں سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کا اعتراف کرلیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نکھل گپتا نے نیو یارک میں فیڈرل کورٹ میں سماعت کے دوران جرم قبول کیا۔امریکی پراسیکیوٹرز نے عدالت کو بتایا کہ نکھل گپتا براہِ راست ایک ہندوستانی سرکاری اہلکار کے ساتھ رابطے میں تھا جس نے انہیں اس قتل کا ہدف دیا تھا۔ پراسیکیوٹر کے مطابق نکھل گپتا ہندوستانی حکومت کے تحت کام کرنے والے اس گروپ کا حصہ تھا جو اوورسیز علیحدگی پسند سکھوں کو نشانہ بناتا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی قوانین کے تحت ہندوستانی شہری نکھل گپتا کو جرائم پر 40 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔یاد رہے کہ جون 2023 میں کینیڈا کے ایک گر دوارہ کے باہر خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو قتل کردیا گیا تھا جس کے بعد امریکہ میں ایک اور سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو بھی قتل کرنے کی سازش کی گئی جس میں ہندوستانی شہری نکھل گپتا ملوث تھا۔نکھل گپتا کو جون 2023 میں چیک ریپبلک سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں امریکہ ڈی پورٹ کیا گیا۔ امریکہ ڈپورٹ ہونے کے بعد ہندوستانی شہری پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔اس حوالے سے امریکی پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ہم امریکی سر زمین پر امریکی شہریوں کو قتل کرنے کی کوششوں کو برداشت نہیں کریں گے۔ہندوستانی شہری نکھل گپتا کی طرف سے امریکہ میں خالصتانی علیحدگی پسند گروپتونت سنگھ پنن جو کہ ایک امریکی شہری تھے کو قتل کرنے کی سازش کا جرم قبول کرنے کے بعد امریکی ایجنسیوں نے گپتا کے خلاف اپنے الزامات کی تفصیل کے ساتھ ایک بیان جاری کیا ہے۔امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے ذریعہ تحقیقات کے مطابق کیس کی تفصیل دیتے ہوئے، محکمہ انصاف نے پنون کے منصوبہ بند قتل اور برٹش کولمبیا، کینیڈا میں ایک اور خالصتانی علیحدگی پسند ہردیپ سنگھ نجار کے قتل کے درمیان تعلق کا الزام لگایا۔ نجار کینیڈا کا شہری تھا۔اس میں کہا گیا ہے کہ گپتا کا ہینڈلر ہندوستانی حکومت کا اس وقت کا ملازم وکاس یادو تھا اور گپتا نے ایک ہٹ مین کی خدمات حاصل کی تھیں۔ گپتا نے اس ہٹ مین کی خدمات حاصل کیں جو درحقیقت ایک خفیہ امریکی ایجنٹ تھا جس سے اس سازش کا پردہ فاش ہوا۔گپتا نے اس ہٹ مین/ایجنٹ کو ہدایت کی کہ جلد سے جلد قتل کو انجام دے لیکن ساتھ ہی ہٹ مین/ایجنٹ کو ہدایت کی کہ وہ ہندوستانی وزیر اعظم کے سرکاری دورہ امریکہ کے دوران قتل کا ارتکاب نہ کرے جو 20 جون 2023 کو یا اس کے قریب شروع ہونے والا تھا۔ ایک فرد جرم کے مطابق جیسا کہ نیو یارک کے ڈسٹرکٹ اٹنر کے دفتر کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گپتا نے جمعہ کو اپنا جرم قبول کر لیا۔ دوسری طرف ہندوستانی حکومت نے واضح طور پر ان مقدمات سے کسی بھی تعلق سے انکار کیا ہے۔