دوسرا ون ڈے بھی آسٹریلیا کے نام
سڈنی : آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں ہندوستان کو 51 رنز سے شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور کپتان ایرون فنچ نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 142 رنز جوڑے جس کے بعد فنچ 60 رنز بنا کر محمد شامی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، سابق کپتان اسٹیو سمتھ نے کریز سنبھالی اور اپنی بہترین فارم کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے ایک مرتبہ پھر سنچری بنا ڈالی۔ سابق آسٹریلوی کپتان کی یہ ہندوستان کے خلاف مسلسل تیسری سنچری تھی جو انہوں نے محض 62 گیندوں پر اسکور کی۔ آخری اوورز میں گلین میکسویل اور لبسشین نے چوکوں چھکوں کی برسات کرتے ہوئے ٹیم کا سکور 389 رنز تک پہنچا دیا۔ ہندوستان کی جانب محمد شامی، پانڈیا اور بمراہ صرف ایک،ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ 390 رنز کے پہاڑ نما ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی کھلاڑیوں کا آغاز اچھا نہ رہا اور ان کی پہلی وکٹ 58 رنز پر گر گئی جب دھون 30 رنز بنا کر ہیزول ووڈ کو وکٹ دے گئے۔ ہندوستان کی جانب سے کپتان ویرات کوہلی اور لوکیش راہول نے مزاحمت کی مگر وہ اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کروانے میں ناکام رہے۔ کوہلی 89 جب کہ راہول 76 رنز بنا کر پوویلین لوٹے۔ آسٹریلیا کی جانب سے کمنز نے تین جب کہ ہیزول ووڈ اور زامپا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سٓٹیو سمتھ کو میچ آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔