ہندوستانی صحافی وکرانت گپتا نے بابراعظم سے ’بیاٹ‘ مانگ لی

   

کولمبو : مشہور ہندوستانی اسپورٹس صحافی وکرانت گپتا نے پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم سے بیٹ مانگ لیا۔ سوشیل میڈیا کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ہندوستان کے معروف اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا نے پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم سے ملاقات کی اور اس دوران انہوں نے بابر سے ان کی بیٹ مانگ لی۔ایشیاکپ میں انڈیاکے خلاف سوپر فور مرحلے کے اہم میچ سے قبل وکرانت گپتا پریکٹس سیشن کور کررہے تھے۔وکرانت گپتا نے بتایا کہ پاکستانی ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران میری ملاقات محمد رضوان، شاہین آفریدی اور آغا سلمان سے بھی ہوئی تھی تاہم جب بابراعظم نیٹس میں پریکٹس کررہے تھے تو انکے بلے سے الگ ہی آواز آرہی تھی۔انہوں نے کہا کہ بابراعظم جب پریکٹس ختم کرکے باہر آئے تو ان سے ملاقات ہوئی، اس دوران انہوں نے کہا کہ مجھے آپ سے کچھ چاہیئے ‘ تو بابر نے پلٹ کر پوچھا جی! بلکل، میں نے کہا کہ آپ کا بیٹ چاہیے، اب دیکھتے ہیں وہ دیتے ہیں یا نہیں۔واضح رہے کہ ایشیاکپ کے سوپر فور مرحلے میں اتوار کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت ٹیمیں کولمبو کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔ کل انڈین بیٹر شبھمن گِل نے کہا تھاکہ وہ ون ڈے کرکٹ میں نمبر ایک بابر اعظم سے متاثر ہیں اور ان کے سٹائل کو فالو کرتے ہیں۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق پاکستان کے ساتھ سوپر فور میچ سے قبل انہوں نے میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے کہا کہ ’جی، یقینی طور پر ہم انہیں پسند کرتے ہیں۔ جب کوئی کھلاڑی بہتر پرفارم کرتا ہے تو ہر کوئی اسے دیکھتا ہے اور جاننا چاہتا ہے وہ اتنا اچھا کیسے کھیل رہا ہے اور اس کی خصوصیت کیا ہے۔ بابر بھی ایسے ہی ہیں۔ وہ دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں اور ہم سب ان کے معترف ہیں۔