سینکڑوں طلبہ کی پریشانیوں میں اضافہ ، وزیراعظم نریندر مودی سے مداخلت کی اپیل
حیدرآباد۔17جولائی (سیاست نیوز) ہندستانی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے امریکی جامعات میں داخلہ حاصل ہونے کے باوجود انہیں امریکی سفارتخانہ یا قونصل خانہ میں ویزاکے لئے انٹرویو سلاٹ دستیاب نہ ہونے کی شکایت کے ساتھ زائد از 1000 ہندستانی طلبہ نے وزیر اعظم ہند نریندر مودی‘ وزارت خارجہ ہندستان اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے امریکی ویزا کے لئے انٹرویو کا وقت دلوانے میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔امریکی ویزا کے حصول میں ہونے والی دشواریوں کو دور کرنے اور امریکی ویزا کے لئے انٹرویو کا وقت حاصل کرنے میں ہونے والی مشکلات کے حل کو یقینی بنانے کے لئے طلبہ نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملہ میں مداخلت کے ذریعہ امریکی حکام کو F1 ویزا کے لئے درخواست داخل کرنے والوں کو وقت فراہم کرنے کی تاکید کریں تاکہ طلبہ اپنے سال کو ضائع ہونے سے محفوظ رہ سکیں کیونکہ امریکی ویزاکے لئے درخواست داخل کرنے والوں کو طویل مدت تک انٹرویو کے لئے انتظار کرنا پڑرہا ہے اور کئی طلبہ کو داخلوں کا موسم ختم ہونے کے بعد بھی ویزا انٹرویو کے لئے وقت فراہم کیا جا رہاہے اور انٹرویو کے دوران یونیورسٹی میں کلاسس کا آغاز ہو جانے کو بنیاد بناتے ہوئے ان کی درخواستوں کو مسترد کیا جانے لگا ہے اسی لئے حکومت ہند کو چاہئے کہ وہ امریکی حکام کو ہندستانی طلبہ کے ان مسائل سے واقف کرواتے ہوئے امریکی جامعات میں داخلہ حاصل کرنے میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو جو F1ویزا کے لئے درخواست داخل کررہے ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر انٹرویوکے لئے وقت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ ان کا تعلیمی سال ضائع نہ ہو اور وہ امریکہ میں اپنا سلسلہ تعلیم جاری رکھ سکیں۔کورونا وائرس وباء کے دوران انٹرویو سلاٹس کے حصول میں شروع ہونے والی دشواریوں کا سلسلہ اب تک بھی جاری ہے اور اس سلسلہ میں امریکی حکام کی جانب سے ضرورت مندوں بالخصوص طلبہ کے لئے خصوصی انٹرویو سلاٹس کی فراہمی کے اقدامات بھی کئے ہیں لیکن اس کے باوجود ہندستانی طلبہ کو ملک کے کسی بھی قونصل خانہ میں ویزا انٹرویو کے لئے وقت دستیاب نہیں ہورہا ہے جس کے نتیجہ میں طلبہ کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جو کہ افسوسناک ہے۔3