ریاستی حج کمیٹیوں کو درخواستوں کی جانچ اور کور نمبرس کا کام آج مکمل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔/22 مارچ، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے ریاستی حج کمیٹیوں سے درخواست کی ہے کہ ہر ریاست کو حج 2023 کیلئے موصولہ درخواستوں کی جانچ کا کام مکمل کرتے ہوئے 23 مارچ تک کور نمبرس جاری کردیں تاکہ قرعہ اندازی میں مدد ملے۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر محمد یعقوب شیخ نے تمام ریاستوں کے ایگزیکیٹو آفیسرس کو مکتوب روانہ کیا ہے جس میں کہا گیا کہ حج 2023 کیلئے آن لائن درخواست فارم کے ادخال کی مہلت ختم ہوچکی ہے۔ متعلقہ حج کمیٹیوں کو درخواستوں کی جانچ کرتے ہوئے کور نمبرس جاری کرنے چاہیئے۔ ملک بھر میں عازمین حج کے انتخاب کیلئے قرعہ اندازی عنقریب ہوگی لہذا 23 مارچ تک کور نمبرس کی اجرائی کا کام مکمل کرلیا جائے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حج کمیٹی کو جملہ 8663 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ توقع کی جارہی تھی کہ 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کیلئے سہولتوں میں کمی کے نتیجہ میں عازمین حج خانگی ٹورآپریٹرس کو ترجیح دے رہے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا سے روانگی کی صورت میں سعودی عرب میں قیام کی مدت گھٹا کر 30 دن کردی گئی ہے اور جاریہ سال سے عازمین حج کو 2100 سعودی ریال کی فراہمی کا طریقہ کار بھی ختم کردیا گیا ہے۔ 12 سال سے کم عمر کے بچوں کو حج کیلئے اجازت نہیں ہے۔ تلنگانہ کے عازمین حج جاریہ سال رباط کی سہولت سے بھی محروم رہیں گے۔ اخراجات میں کمی کے نام پر 21 سو ریال کی ادائیگی روکنے سے امکان ہے کہ عازمین حج کے نجی اخراجات میں اضافہ ہوگا۔ حج کمیٹی کے ذریعہ روانگی کی صورت میں مجموعی اخراجات 3 لاکھ 50 ہزار تک ہونے کی امید ہے لہذا عازمین حج کو حج کمیٹی کے ذریعہ روانگی میں کوئی خاص دلچسپی باقی نہیں رہی۔ عازمین کا تاثر ہے کہ حکومت کو اپنی سطح پر بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کرنے چاہیئے۔ عازمین کا خیال ہے کہ حج کمیٹی سے روانگی پر عازمین حج کو کھانے کا انتظام خود اپنے طور پر کرنا پڑتا ہے جبکہ خانگی ٹور آپریٹرس نہ صرف کھانے کا انتظام کرتے ہیں بلکہ حرمین کے قریب عمارتوں میں قیام کی سہولت دی جاتی ہے۔ر