ہندوستانی علاقہ میں کوئی داخل نہیںہوا، وزیراعظم کا دعویٰ

,

   

چین کیخلاف انٹلیجنس کی ناکامی تو نہیں ہوئی ،سونیا گاندھی کا سوال
ہند ۔چین صورتحال پر کل جماعتی اجلاس

نئی دہلی ۔ /19 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے چین کے ساتھ 6 ہفتہ سے جاری سرحدی تعطل کے بارے میں آج کہا کہ ہندوستانی علاقہ میں کوئی بھی نہیں گھسا اور نہ ہی کوئی ہندوستانی چوکی پر قبضہ کیا گیا ۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں زبردست اضافہ کرنے والے وادی گلوان کے واقعہ کے تعلق سے نمایاں سیاسی قائدین کو واقف کروایا ۔ اس جھڑپ میں 20 ہندوستانی فوجی شہید ہوئے ۔ کل جماعتی اجلاس میں مودی نے کہا کہ جن فوجیوں نے عظیم قربانی دی ، انہوں نے ہندوستان کی طرف نظر اٹھانے والوں کو سبق سکھایا ہے ۔ وزیراعظم نے بتایا کہ آر می کو ضروری اقدامات کرنے کی آزادی دی گئی ہے ۔ اپوزیشن سے صدر کانگریس سونیا گاندھی نے حکومت سے سوال کیا کہ آیا ایل اے سی کے پاس کی صورتحال سمجھنے کے معاملہ میں انٹلیجنس ناکام تو نہیں ہوئی ، جہاں چینی دستوں کے ساتھ پرتشدد جھڑپ میں 20 فوجی شہید ہوئے ۔ تقریباً 4 گھنٹے کی ویڈیو کانفرنس میٹنگ میں سونیا گاندھی کے بشمول شردپوار ، ممتابنرجی، سیتارام یچوری و دیگر شریک ہوئے۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ قوم شہیدوں کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔وزیر امور خارجہ ایس جے شنکر اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے اجلاس کو ضروری معلومات سے واقف کرایا ۔

کیا 20 فوجیوں کی ہلاکت اشتعال انگیزی نہیں ، شیوسینا کا سوال
ممبئی ۔ /19 جون (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے وزیراعظم نریندر مودی کے اس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہ ہندوستان مشتعل کئے جانے پر منہ توڑ جواب دے گا ، آج کہا کہ چینی آرمی کے ہاتھوں 20 ہندوستانی فوجیوں کی ہلاکت کیا اپنے آپ میں اشتعال انگیزی نہیں ؟ سینا کے ترجمان اخبار سامنا کے اداریہ میں کہا گیا کہ 1962 کی جنگ میں شکست کیلئے نہرو ذمہ دار نہیں ۔ ایسا کہنے والوں کو خود کا احتساب کرنا چاہئیے ۔