ہندوستانی فزیشین ڈاکٹر وویک مورتی جوبائیڈن کے سرجن جنرل

   

۔2011 میں سابق صدر بارک اوباما انتظامیہ میں بھی خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر کی دوبارہ تقرری

واشنگٹن : ہندوستانی نژاد امریکی فزیشین وویک مورتی کو امریکی صدر جوبائیڈن کے سرجن کے طور پر مقرر کرنے کی سینیٹ نے توثیق کردی ہے ۔ اس عہدہ کو اہم ترین عہدہ قرار دیا جاتا ہے جہاں فی الحال ڈاکٹر وویک کی اہم ترین ذمہ داری یہ ہوگی کہ وہ کورونا وائرس جیسی مہلک بیماری کو مزید پھیلنے سے روکیں جس نے دنیا میں سب سے زیادہ امریکہ کو متاثر کیا ہے ۔ 43 سالہ ڈاکٹر مورتی امریکہ کے سرجن جنرل کی حیثیت سے دوسری بار یہ عہدہ سنبھال رہے ہیں ۔ 2011ء میں سابق صدر بارک اوباما نے ہیلتھ پروموشن اور بیماریوں کی روک تھام کیلئے قائم کئے گئے مشاورتی گروپ میں ڈاکٹر مورتی کو بھی شامل کیا تھا ۔اس موقع پر ڈاکٹر مورتی نے سرجن جنرل مقرر کئے جانے پر سینیٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ سینیٹ ارکان کے احسان مند ہیں کہ انہوں نے دوسری بار انہیں ( ڈاکٹر مورتی) اپنی خدمات انجام دینے کا موقع دیا ۔ سینیٹ میں ڈاکٹر مورتی کی تائید میں 57 ووٹ پڑے جبکہ ان کی مخالفت میں 43 ووٹ ڈالے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال امریکہ کیلئے ایک ڈراؤنے خواب جیسا تھا اور وہ کوشش کریں گے کہ امریکہ کا ایک بہتر مستقبل خاص طور پر بچوں کیلئے ، سامنے آئے ۔