ہندوستانی فضائیہ کے دو لڑاکا طیارے تباہ، ایک پائلٹ ہلاک

   

گوالیار : ریاست مدھیہ پردیش کے شہر گوالیار کے قریبمشقوں کے دوران ہندوستانی فضائیہ کیدو لڑاکا طیارے تباہ ہوگئے ہیں جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہلاک ہوگیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دونوں طیاروں نے ہفتہ کی صبح گوالیار فضائی اڈے سے اڑان بھری تھی جس کے کچھ دیر بعد ہی وہ زمین پر آ گرے۔ تباہ ہونے والے طیاروں میں ایک روسی ساختہ سکھئی سو 30 تھا جس میں دو پائلٹ سوار تھے۔ دوسرا طیارہ فرانسیسی ساختہ میراج 2000 تھا جسے ایک پائلٹ اڑا رہا تھا۔ ہندوستانی فضائیہ کے مطابق دونوں طیاروں کو حادثہ گوالیار کے قریب پیش آیا۔ طیارے معمول کی تربیتی پرواز پر تھے۔ فضائیہ کا کہنا تھا کہ واقعہ کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سکھئی سو 30 کے دونوں پائلٹس کو معمولی زخم آئے ہیں جبکہ مراج 2000 کا پائلٹ شدید زخموں کے بعد چل بسا ہے۔ رپورٹس کے مطابق طیاروں کا ملبہ ریاست راجستھان کے شہر بھرت پور اور مدھیا پردیش کے شہر مورینا سے ملا ہے۔ ہندوستانی نشریاتی ادارے انڈیا ٹو ڈے کے مطابق مورینا کے ایس پی کا کہنا تھا کہ ایک طیارے میں دو پائلٹس تھے جنہوں نے خود کو باحفاظت طریقہ سے ریسکیو کرلیا جب کہ تیسرے پائلٹ کے جسم کے ٹکڑے ملے ہیں۔