قونصل جنرل شاہد عالم کا بیان ۔ ہندوستانی برادری کیلئے سہولت
جدہ ۔ جدہ میں ہندوستانی قونصل جنرل نے ورچول اپائنٹمٹ سسٹم کے آغاز کا اعلان کیا ہے ۔ قونصل جنرل ہندوستان متعینہ جدہ محمد شاہد عالم نے مطلع کیا کہ ورچول اپائنٹمٹ سسٹم ( آن لائین ) سے قونصل خانہ کو سعودی عرب کے مغربی حصوں میں مقیم ہندوستانی برادری سے مزید قریب کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سسٹم کو موجودہ صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے کیونکہ موجودہ وباء سے عوام کی نقل و حرکت متاثر ہوئی ہے ۔ اس سسٹم سے ہندوستانی برادری قونصل خانہ آئے بغیر قونصلیٹ سے رابطہ کرسکتی ہے ۔ یہ سسٹم واک ان سسٹم کے علاوہ ہوگا اور سابقہ ملاقاتوں کا نظام بھی برقرار رہے گا ۔ محمد شاہد عالم نے بتایا کہ ورچول وقت ملاقات قونصل خانہ کے ایپ
‘ india in jedda ‘
سے حاصل کیا جاسکتا ہے جو گوگل پلے اسٹور اور ایپل iOS پر دستیاب ہے ۔ اس ایپ میں ملاقات کا وقت مقرر کرنے کی گنجائش ہے جس میں وقت اور تاریخ کے سلاٹ فراہم کئے جائیں گے ۔ مقررہ وقت پر ملاقات زوم ایپ کے ذریعہ ہوگی ۔ ویزا ‘ پاسپورٹ ‘ او سی آئی ‘ ایگزٹ مسائل ‘ جیل ‘ موت سے متعلق معاوضہ وغیرہ کی خدمات سے استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔ جیسے ہی ورچول ملاقات کا وقت طئے پا جائیگا مقررہ تاریخ اور وقت پر قونصل خانہ کے عہدیدار ویڈیو کال کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کی کوشش کرینگے ۔ یہ اپنی نوعیت کا منفرد طریقہ ہے ۔