نئی دہلی۔21 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے ایران سے ہندوستانی ماہی گیروں کو واپس لانے اور ان تک مالی مدد پہنچانے سے متعلق عرضی پر منگل کو کوئی حکم جاری کرنے سے انکار کردیا۔ جسٹس این وی رمن،جسٹس کشن کول اور بی آر گوئی کی بینچ نے ویڈیو کانفرنسنگ سماعت کے دوران کہاکہ فی الحال ہم کوئی حکم نہیں دیں گے ۔عدالت نے یہ بات اس وقت کہی جب حکومت کی طرف سے سالسیٹر جنرل تشار مہتا نے اعلیٰ عدالت سے کہا کہ ایران بھی لاک ڈاؤن ہے اور وہاں انٹراسٹیٹ سرحد سیل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی سفارت خانہ دوردرازعلاقوں میں مقیم ان لوگوں کے رابطے میں ہے ۔سبھی لانگ ٹرم ویزا پر ہیں،ان کے پاس ضروری کھانے پینے کی اشیاء موجود ہیں۔سینئر ایڈوکیٹ گوپال شنکرنارائن نے کہا کہ ان کے پاس اس بات کے ثبوت ہیں کہ وہاں ہندوستانی ماہی گیروں سے کھانے پینے کے اضافی چارج لئے جارہے ہیں۔