ہندوستانی معیشت میں کوئی انحطاط نہیں:وزیرفینانس

,

   

حکومت کے مالیاتی موقف سے متعلق تشویش کی ضرورت نہیں ، راجیہ سبھا میں نرملا سیتارامن کا بیان

نئی دہلی ۔ 27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیرفینانس نرملا سیتارامن نے ہندوستانی معیشت کو مستحکم بتایا اور کہا ہیکہ معیشت سے نمٹنے کیلئے ان کی کارروائیاں مضبوط ہیں۔ ماضی کی کانگریس حکومتوں کے مقابلہ میں اس وقت معیشت بہتر ہے۔ پیداوار میں اگرچہ کمی آئی ہے لیکن معیشت میں کوئی انحطاط نہیں آیا ہے۔ راجیہ سبھا میں ملک کی معیشت پر مختصر مباحث کا جواب دیتے ہوئے سیتارامن نے کہا کہ ان کی حکومت کی جانب سے جو اقدامات کئے گئے ہیں اور بجٹ میں جو چیزیں پیش کی گئی ہیں، درست ہیں۔ آٹو موبائیل جیسے بعض سیکٹروں میں ہی کچھ سست روی دیکھی گئی تھی اور اس میں بحالی آرہی ہے۔ میوہ جات مارکٹ میں بھی بہتری دیکھی جاتی ہے۔ حکومت کے مالیاتی موقف پر پائی جانے والی تشویش کو دور کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈائرکٹ ٹیکس اور جی ایس ٹی وصولی میں بہتری آئی ہے۔ مالیاتی سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران ٹیکس کی وصولی نمایاں رہی۔ ان کے بیان کے دوران کانگریس ٹی ایم سی اور بائیں بازو پارٹیوں نے احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آوٹ کیا اور کہا کہ وزیرفینانس سیتارامن ملک کی معیشت کو درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنے کے بجائے اپنی بجٹ تقریر کو پڑھ کر سنا رہی ہیں۔ سیتارامن نے کہا کہ ہر ایک قدم ملک کے مفادات میں اٹھایا گیا ہے۔ ملک کی معیشت پر گہری نظر رکھی گئی ہے۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ پیداوار میں کمی واقع ضرور ہوسکتی ہے لیکن اس میں انحطاط نہیں آیا ہے۔ اسے کساد بازاری نہیں کہہ سکتے۔