یو اے ای پبلک پراسیکیوشن کی جانب سے انتباہ ، تعصب پر سخت جرمانہ اور جیل کی سزاء کی وارننگ
دوبئی ۔ /8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات کے وفاقی استغاثہ نے امتیاز و تعصب کے خلاف انتباہ جاری کرتے ہوئے عوام کو یاددہانی کرائی ہے کہ خاطیوں کو سخت جرمانہ اور جیل کی سزاء کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ یو اے ای کے متعلقہ قانون کا کہنا ہے کہ کوئی بھی فرد جو تعصب پر مبنی حرکت یا اقدام کرے جو کسی بھی شکل میں ہو ، اسے کم از کم 5 سال کی سزائے قید دی جائے گی اور 5لاکھ درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔ یہ سزائیں دونوں بیک وقت یا کوئی ایک دی جاسکتی ہے ۔ گزشتہ ماہ امارت کے ایک جرنلسٹ کو سوشیل میڈیا پر ویڈیو پوسٹ میں نسل پرستانہ تبصروں کی پاداش میں محروس کرلیا گیا ۔ یہ وارننگ اس پس منظر میں بھی ہے کہ کئی ہندوستانی تارکین وطن نے اسلام ، پیغمر محمدؐ ، اسلامی ثقافت اور مسلمانوں کی اہانت پر مبنی تبصرے پوسٹ کئے ہیں۔ اخبار گلف نیوز اس طرح کے رپورٹس شائع کرتا رہا ہے جس میں تارکین وطن کو آجرین نے نوکری سے برخواست کردیا جبکہ انہوں نے سوشیل میڈیا پر قابل اعتراض تبصرہ پوسٹ کیا تھا ۔ کئی ہندوستانی تارکین نے نفرت پھیلانے کا کام کیا ہے اور مذہبی تعصب کا اظہار کیا ۔ حالانکہ وہ یو اے ای میں طویل مدت سے مقیم ہیں ۔ یو اے ای اور دیگر خلیجی مملکتوں میں کئی ممتاز عرب شخصیتوں نے بڑھتے اسلامو فوبیا کیخلاف آواز اٹھائی اور تارکین وطن کے بدلتے تیور اور طرز عمل پر فکر مندی کا اظہار کیا ہے ۔ یو اے ای ، عمان اور قطر میں ہندوستانی سفارتخانوں نے سوشیل میڈیا پر متعلقین کے طرز عمل کے بارے میں وارننگ جاری کرتے ہوئے ہندوستانیوں کو یاددہانی کرائی ہے کہ خلیج میں تعصب کیخلاف سخت قوانین لاگو ہیں ۔ یہ بات معروف ہے کہ انڈیا میں بعض مقبول ٹی وی چیانلس مسلمانوں کو نشانہ بناتے ہوئے فرضی رپورٹس نشر کرتے ہیں اس سے عام ماحول بگڑتا جارہا ہے ۔