ہندوستانی نژاد وائیٹ ہاؤس کے نائب ترجمان راج شاہ مستعفی

,

   

واشنگٹن ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وائیٹ ہاؤس کی پریس آفس میں اہم عہدہ پر فائز پہلے ہندوستانی نژاد امریکی راج شاہ نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا ہے اور وہ ایک دیگر فرم میں شامل ہونے کی تیاریاں کررہے ہیں۔ اس طرح اب وہ بھی ٹرمپ انتظامیہ سے دستبردار ہونے والے متعدد سینئر عہدیداروں میں شامل ہوگئے ہیں۔ یاد رہیکہ 34 سالہ راج شاہ جو وائیٹ ہاؤس کے نائب ترجمان اور ری پبلکن نیشنل کمیٹی کے ایک سابق محقق تھے، ٹرمپ انتظامیہ کا حصہ اس وقت سے ہیں جب جنوری 2017ء میں ٹرمپ نے امریکی صدر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ اس موقع پر راج شاہ نے ایک اہم بیان دیتے ہوئے برائن، جیمی اور اعلیٰ سطحی ٹیم میں شامل ہونے پر فخر کا اظہار کیا جو بیلارڈ میڈیا گروپ لانچ کررہے ہیں جو اپنے صارفین کو حکمت عملی مواصلات کے شعبہ میں گرانقدر تجاویز اور مشورے دیتے ہوئے مختلف چیلنجز سے کامیابی کے ساتھ نمٹنے کا پیغام دے گی۔ راج شاہ میڈیا گروپ کی قیادت کریں گے جو دراصل بیلارڈ پارٹنرس کا پریس ونگ ہوگا جس کے دفاتر فلوریڈا اور واشنگٹن میں موجود ہیں۔ راج شاہ جیمی روبن جو ایک ڈیموکریٹ اور سابق امریکی وزیرخارجہ میڈالن البرائٹ کے ترجمان بھی رہ چکے ہیں، کے ساتھ کام کریں گے۔