ہندوستانی ویکسین کی منظوری کی راہ میں رکاوٹ کی سازش: جسٹس رمنا

   

کوویکسین اومی کرون اور دیگر ویرینٹس کیلئے اثر دار
حیدرآباد۔/26 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس این وی رمنا نے انکشاف کیاکہ ہندوستان میں تیار کردہ کورونا کا ٹیکہ کوویکسین کو ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن سے منظوری روکنے کیلئے بعض ملٹی نیشنل کمپنیوں نے کوشش کی۔ حیدرآباد میں فاؤنڈیشن ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس رمنا نے کہا کہ بھارت بائیو ٹیک کی جانب سے تیارکردہ کوویکسین نہ صرف کوویڈ 19 بلکہ اس کے نئے ویرینٹس کیلئے بھی اثر دار ہے۔ انہوں نے کہاکہ اومی کرون کے علاوہ اور بھی آنے والے ویرینٹس سے بچاؤ کیلئے کوویکسین موثر ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بعض ملٹی نیشنل کمپنیوں نے ڈبلیو ایچ او سے منظوری کے حصول میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جن میں فائزر شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض گوشوں کی جانب سے عالمی سطح پر کوویکسین کے بارے میں غلط پروپگنڈہ کیا گیا جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن کو نہ صرف شکایت کی گئی بلکہ ہندوستان میں تیار کردہ ویکسین کی منظوری روکنے کی کوشش کی گئی۔ جسٹس رمنا نے کہا کہ تمام تلگو عوام کو متحدہ طور پر آگے بڑھ کر دنیا کو اپنی تلگو کمپنی کی برتری سے واقف کرانا چاہیئے۔ جسٹس رمنا نے بھارت بائیو ٹیک کے صدرنشین کرشنا ایلا اور سچترا ایلا کو ایوارڈ پیش کیا۔ر