نئی دہلی۔ ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف شرمناک شکست کے بعد انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین نے ہندوستانی ٹاپ آرڈر بیٹرسکو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کھلاڑیوں سے سبق سیکھیں جیسے بابر اعظم اور کین ولیمسن ۔اتوارکو اوول میں کھیلے گئے دلچسپ مقابلے کے پانچویں دن آسٹریلیا نے209 رنز کی جامع فتح حاصل کی۔ 444 رنز کا ناممکن ہدف مقررکرنے کے بعد آسٹریلیا نے ہندوستان کو پانچویں دن لنچ سے پہلے 234 رنز پر آؤٹ کر کے اپنا پہلا ڈبلیو ٹی سی ٹائٹل جیت لیا۔ واقعی ہندوستانی بیٹرس سے مایوسی ہوئی، ان کے مداح یہ بیان کے بعد مجھ سے برہم ہی ہوں گے لیکن میرے خیال میں ہندوستانی ٹاپ آرڈر کو بابر اورکین کو دیکھنا ہوگا کہ جب گیند ادھر ادھر ہو رہی ہو تو پیسرزکو کیسے کھیلنا ہے۔ یہ دونوں کئی عرصے سے ایسا کرتے رہے ہیں۔ حسین نے اسکائی اسپورٹ پر کہا۔چوتھے دن ویراٹ کوہلی اور اجنکیا رہانے کے ناقابل شکست ہونے کے ساتھ، ہندوستان کے لیے ابھی بھی کچھ امیدیں باقی تھیں کہ وہ آخری دن چوتھی اننگز کے ریکارڈ کا تعاقب کر سکتے ہیں لیکن بولانڈ نے پہلے گھنٹے میں ہی گیند کوگھمایا اور ایک ہی اوور میں کوہلی اور رویندرا جڈیجہ کو آؤٹ کر دیا۔ نیتھن لیون اور مچل اسٹارک نے بھی وکٹیں حاصل کیں اور آسٹریلیا نے ہندوستانکو 234 رنز پر آؤٹ کر کے جیت پر مہر ثبت کی۔2021 میں نیوزی لینڈ کے خلاف اسی طرح کی قسمت کا سامنا کرنے کے بعد یہ ورلڈ ٹسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں ہندوستان کی لگاتار دوسری شکست تھی۔دریں اثناء گواسکر نے کہا کہ کہیں نہ کہیں ہندوستانی ٹیم کو تبدیلی کیلئے تیار ہونا پڑے گا تاکہ مستقبل کے لائحہ عمل کو تیار کیا جاسکے ۔