ہندوستانی ٹسٹ کرکٹ سنگین بحران کا شکار

   

نئی دہلی، 26 نومبر (آئی اے این ایس) جنوبی افریقہ کے خلاف لگاتار سیریز شکست اورگھریلو میدان پر بدترین ناکامی نے ہندوستانی ٹسٹ کرکٹ کو شدید بحران سے دوچارکردیا ہے۔ 2-0 کی کلین سوئپ شکست میں گواہاٹی کے فیصلہ کن ٹسٹ میں 408 رنزکے فرق سے ناکامی ہندوستان کی ٹسٹ تاریخ کی سب سے بدترین شکست ثابت ہوئی۔ سیریز میں جنوبی افریقہ نے ہر شعبے میں غلبہ برقرار رکھا۔ سینورن متھوسامی کے 109 اور مارکو یانسن کے 93 کی مدد سے مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں 489 رنز بنائے اور ہندوستان 201 پر ڈھیر ہوگیا۔ دوسری اننگز میں ٹرسٹن سٹَبز نے 94 رنز بنا کر مجموعہ 260/5 تک پہنچایا اور ناقابلِ حصول ہدف مقرر کیا۔ آخری روز سائمن ہارمر نے 6/37 کے ساتھ ہندوستانی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔ ناکامی کے بعد تنقید کا طوفان اٹھ کھڑا ہوا ہے۔ کوچ گوتم گمبھیر اور ٹیم مینجمنٹ پر سوالات بڑھ گئے ہیں، جبکہ بی سی سی آئی ان سے وضاحت طلب کرنے کی تیاری میں ہے۔ ماہرین کے بموجب اب ہر فیصلہ ہندوستانی کرکٹ کے مستقبل کا تعین کر سکتا ہے۔نیز کئی کھلاڑیوں کا مستقبل ختم بھی ہوسکتا ہے ۔
کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جائے: بی جے پی
نئی دہلی، 26 نومبر (آئی اے این ایس) بی جے پی لیڈر نِتن نابین نے کہا ہے کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جانا چاہیے اور ہندوستان۔پاکستان کرکٹ میچوں پر فیصلہ حکومت اور متعلقہ ادارے حالات کے مطابق کرتے ہیں۔ دونوں ٹیمیں ٹی20 ورلڈکپ 2026 میں 15 فروری کو کولمبو میں آمنے سامنے ہوں گی۔ جے ڈی (یو) کے ترجمان راجیو رنجن پرساد نے بھی کہا کہ کرکٹ کو کھیل کی روح کے تحت دیکھا جانا چاہیے۔